استور(بیورو رپورٹ)استور میں اشتعال پھیلانے والے ملزم قاری عبدالرزاق کو گرفتار کرلیا گیا،اتوار کو سٹی پولیس سٹیشن استور کی ٹیم نے پریشنگ میں کارروائی کی اور ملزم کو حراست میں لے لیا،ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 2/25 تعزیرات پاکستان کی دفعات 295-A اور 298-A کے تحت پولیس اسٹیشن استور میں درج کی گئی ہے ،ایف آئی آر کے مطابق قاری عبدالرزاق ولد عبدالجبار ساکن پریشنگ مقدس ہستی کی شان میں گستاخی کا مرتکب ہوا ہے،ایف آئی آر درج ہونے کے بعد ملزم روپوش ہوگیا تھا جبکہ ملزم کی جانب سے کی گئی تقریر کے بعد استور سمیت پورے گلگت بلتستان میں اشتعال پھیل گیا تھا ،خصوصاً استور میں حالات زیادہ خراب تھے جہاں اہل تشیع نے واقعہ کے خلاف دھرنا دے دیا ،تاہم گزشتہ روز وزیرداخلہ شمس لون نے علماء کو یقین دہانی کرائی کہ ملزم کو گرفتار کیا جائے گا جبکہ اہلسنت علماء نے بھی ملزم سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی گرفتار ی کا مطالبہ کیا ،وزیرداخلہ کی یقین دہانی کے بعد5روز سے جاری دھرنا ختم کردیا گیا اور اتوار کی صبح پولیس نے ملزم عبدالرزاق کو پریشنگ سے گرفتار کرکے سٹی تھانہ استور منتقل کردیا دوسری جانب پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اشتعال پھیلانے کے دیگر واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاریوں کے لئے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں اور ان ملزمان کو بھی جلد حراست میں لے کر انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے۔
