مقدسات کی توہین ناقابل قبول،علمائے اہلسنت

استور (بیورو رپورٹ) اہلسنت والجماعت کے علمائے کرام نے کہا ہے کہ مقدس ہستیوں کی شان میں گستاخی کسی صورت قبول نہیںکی جاسکتی،استور میںپریس کانفرنس کرتے ہوئے قاری عبدالحکیم نے کہاکہ گزشتہ چند دنوں سے جو حالات بنے ہوئے ہیں اس میں یہ سمجھا جارہاہے کہ علمائے اہلسنت کسی مجرم کو پناہ دے رہے ہیں لیکن یہ تاثر بالکل غلط ہے کیونکہ علمائے اہلسنت کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ کسی کے بھی مقدسات کی توہین نہیں ہونی چاہئے،قاری عبدالرزاق نے جو الفاظ استعمال کئے ان کی مذمت کرتے ہیں،انھوں نے کہاکہ ہم کسی مجرم کے حق میں نہیں ہیں جس نے بھی توہین کی ہے اس کو گرفتار کیا جائے لیکن اس کے ساتھ چند روز سے جاری دھرنے میں جو زبان استعمال کی جارہی ہے وہ بھی قابل مذمت ہیں ،استور انتظامیہ ناکام ہوچکی ہے، اس موقع پر مولانا اکرم اللہ نے کہا کہ استور انتظامیہ کو معاملہ حل کرنا چاہئے،انتظامیہ کو میرا پیغام ہے بلا تفریق مجرموں کے خلاف کارروائی کریں ، معاشرے کا امن کو سبوتاژ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے اس موقع پر انجمن تاجران کے صدر طلحہ مجاہد ،مفتی محمد ایوب نے بھی خطاب کیا