پارٹی رہنما متحد ہیں، تحفظات دور کریں گے، امیر مقام

اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان امیر مقام نے کہا ہے کہ پارٹی رہنما متحد رہیں مل بیٹھ کر ایک دوسرے کے تحفظات دور کریں گے،ن لیگ کو مزید مضبوط بنایا جائے گا انتخابات میں امیدواروں کو ٹکٹ میرٹ پر دیئے جائیں گے، مسلم لیگ( ن) گلگت بلتستان کے وفد نے جنرل سیکرٹری مسلم لیگ( ن) جی بی حاجی اکبر تابان کی قیادت میں وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام سے جمعرات کو اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر زراعت جی بی انجینئر محمد انور اور ترجمان جی بی حکومت فیض اللہ فراق بھی موجود تھے۔ ملاقات میں گلگت بلتستان میں پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مسلم لیگ ن گلگت بلتستان کے کارکنوں اور قیادت نے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور مسلم لیگ ن کی پوری مرکزی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ تنظیمی امور پارٹی کے مرکزی صدر کا مینڈیٹ ہے۔ ہمیں اپنی پارٹی کو مضبوط کرنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ ہمیں اپنی پارٹی کے مفاد میں کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ہماری پارٹی کا اثاثہ ہیں۔ ہم مل بیٹھ کر ایک دوسرے کے تحفظات دور کریں گے۔   انہوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ میرٹ پر امیدواروں کو دئیے جائیں گے۔ جی بی کے آنے والے انتخابات ہماری پارٹی کے لیے بہت اہم ہیں۔ وفد نے اپنی گفتگو میں کہا کہ گلگت بلتستان میں اس وقت تنظیم کا کوئی قانونی ڈھانچہ موجود نہیں ہے اسلئے آپ سے سفارش کرتے ہیں مرکزی صدر مسلم لیگ( ن) تک ہمارے تحفظات پہنچا ئیں اور پارٹی کو الیکشن سے قبل ری آرگنائز کریں تاکہ مسلم لیگ ن پوری قوت کے ساتھ الیکشن میں جا سکے ، وفد کی نمائندگی کرتے ہوئے  اکبر تابان ، انجینئر محمد انور ، رانی عتیقہ غضنفر،بشیر احمد خان ، محمد حسن  اور سیف الرحمن مقدم نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں پارٹی کے اصل اور حقیقی کارکن ہمارے ساتھ ہیں اور مضبوط امیدوار بھی ہمارے منتظر ہیں ، ہم قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف ،میاں شہباز شریف اور امیر مقام کی قیادت میں تو آگے بڑھ سکتے ہیں لیکن گلگت بلتستان میں   اکبر تابان اور انجینئر انور کے علاہ پارٹی کا کوئی لیڈر موجود نہیں ہے جو قیادت کا اہل ہو ۔ گلگت بلتستان میں پارٹی کو بروقت استحکام دینا ناگزیر ہے اور اس عمل کیلئے جماعت کو تطہیر کے عمل سے گزارا جائے،ملاقات کے دوران وفد نے گزشتہ دونوں پارٹی امور سے متعلق میڈیا میں آنے والے امیرمقام کے بیان کا معاملہ بھی اٹھایا جس پر وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ پارٹی امور کے حوالے سے فیصلے کرنا پارٹی کے مرکز ی صدر نوازشریف کا اختیار ہے اسی طرح جو امور انتخابات کے بعد طے ہونے ہیں ان کے بارے میں بھی میں ابھی کوئی بات کیسے کرسکتا ہوں ،وفاقی وزیرکا کہنا تھا کہ آپ ہوں یا دوسرے پارٹی رہنما سب جماعت کا اثاثہ ہیں ہم کسی کو کھونا نہیں چاہتے،انھوں نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ کوئی درمیانی راستہ نکالا جائے، میں نے آپ لوگوں کے تحفظات کو پہلے بھی اعلیٰ قیادت تک پہنچایا ہے اور آج کی نشست میں ہونے والی باتیں بھی قیادت تک پہنچا دوں گا ۔