سالانہ ترقیاتی پروگرام، منصوبوں کا تخمینہ لاگت مختص بجٹ سے 9گنا زیادہ

 گلگت(شکیل احمد)گلگت بلتستان سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024 -25 منصوبوں کی تخمینہ لاگت تقریبا 2 کھرب ہوگیا۔ اے ڈی پی 2024- 25 کے مطابق 2053 منصوبوں کی تخمینہ لاگت 1 کھرب 90 ارب 44 کروڑ 90 لاکھ 90 ہزار روپے جبکہ صرف 21 ارب روپے مختص بجٹ کی مد میں رکھے گئے ہیں۔ تخمینہ لاگت مختص بجٹ سے 9 گنا زیادہ ہونے کی وجہسے اے ڈی پی میں شامل منصوبوں کو مکمل ہونے میں ایک دہائی کا عرصہ لگے گا اور لاگت میں مزید اضافہ بھی ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 1713 منصوبے جاری تھے مگر 340 مزید منصوبے شامل کرنے سے منصوبوں کی لاگت میں مزید اضافہ ہوا۔ نہ صرف منصوبے بروقت مکمل نہیں ہونگے بلکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024- 25 میں تھرو فارورڈ کی شکل میں ایک کھرب سے زیادہ کا بوجھ بھی شامل ہوا۔ ذرائع پی اینڈ ڈی کے مطابق مختص بجٹ کے حساب سے منصوبوں کو مکمل ہونے میں ایک دہائی سے زیادہ کا عرصہ درکار ہوگا مگر سیاسی وابستگی یا دبا کے ذریعے نئے منصوبوں کو شامل کرنے سے اخراجات میں کئی گنا اضافہ بھی ہوگا۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام 2024-25 میں کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ کے 677 منصوبے محکمہ صحت کے 224 منصوبوں کے علاوہ محکمہ تعلیم جس میں سکول ایجوکیشن کے 258 اور ہائر ایجوکیشن کے 58 جیسے بڑے منصوبے شامل ہیں۔ گزشتہ 3 سال کی اے ڈی پی میں تخمینہ لاگت اور مختص بجٹ میں کئی گنا کا فرق ظاہر ہوتا ہے۔ ذرائع محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کے مطابق منصوبوں کو عوامی مفاد کے مطابق مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ مگر سالانہ ترقیاتی پروگرام میں بہت سارے منصوبے سیاسی وابستگی کی وجہ سے شامل کیے جاتے ہیں جو کہ زیادہ اہمیت کے حامل نہیں ہوتے ہیں۔ نظام تبدیل کیے بنا منصوبے بروقت مکمل نہیں ہوسکتے ہیں۔