نفرتیں پھیلانے والوں کی حوصلہ شکنی کرناہوگی،ترجمان وزیراعلیٰ

 اسلام آباد(پ ر) ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے ( Arid agriculture university Rawalpindi ) میں زیر تعلیم گلگت بلتستان کے طلبا و طالبات کے سالانہ کنونشن میں شرکت کی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیض اللہ فراق نے کہا کہ یونیورسٹی میں گلگت بلتستان اسٹوڈنٹس کونسل کے تمام عہدیداران مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے قلیل وقت میں اس طرح کے میگا ایونٹ منعقد کر کے گلگت بلتستان کی نوجوان نسل کو ایک چھت تلے جمع کیا ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ کل کا گلگت بلتستان نوجوان کی مثبت سوچ ، انسانی قدروں کی پرچار اور جہد مسلسل سے وابستہ ہے ۔ آپ یہاں تعلیم حاصل کرنے کیلئے آئے ہیں اور اپ کے کاندھوں پر بھاری زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اپنے والدین اور علاقے کے توقعات پر پورا اتریں ۔ مسلکی رنگ گلگت بلتستان کی سب سے بڑی فالٹ لائن ہے اور نوجوان نسل کی یہ زمہ داری ہے کہ مذکورہ فالٹ لائن سے کھیلنے والوں کے رستے میں دیوار بن جائیں ، اپنے اپنے مسالک کے ان لوگوں کی حوصلہ شکنی کریں جو مسالک کے نام پر ایک دوسرے کی پاکیزہ ہستیوں کی توہین کرتے ہیں ، یہ کریڈٹ گلگت بلتستان کی نوجوان نسل کو جاتا ہے کہ وہ اب باشعور ہوچکی ہے اور اندھی تقلید کے بجائے سوال بھی اٹھا رہی ہے ، گلگت بلتستان ایک ایسا سماج ہے جس کی تعمیر محض انسانی بنیادوں پر ممکن ہے ، ہمیں ایک دوسرے کے عقائد سمیت اکابر کا بھی احترام کرنا پڑے گا تب جا کے گلگت بلتستان درست سمت میں ترقی کرے گا ۔