لاہور(محمد اسحاق جلال)گلگت بلتستان میں علاقائی جماعت کی تشکیل کیلئے کوششیں شروع ہوگئیں ممکنہ طور پر بننے والی علاقائی جماعت کو وزیراعلی حاجی گلبرخان لیڈ کریں گے ان کے علاہ صوبائی وزرا راجہ ناصر علی خان مقپون ،حاجی عبد الحمید خان ،مشتاق حسین ،شمس الحق لون ،دلشاد بانو ،راجہ اعظم خان،سیدامجدزیدی اور دیگر بھی اس مجوزہ جماعت میں شامل ہونگے جماعت کی تشکیل کیلئے وزیراعلی اور وزرا کے درمیان کئی نشستیں ہوئیں اور تمام نے علاقائی جماعت کی تشکیل پر اتفاق کرلیا اور اس بابت رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا علاقائی جماعت کی تشکیل کا مقصد علاقے کے آئینی بنیادی اور سیاسی حقوق کے حصول کیلئے کوششیں تیز کرنا ہے صوبائی وزیر راجہ ناصر علی خان مقپون نے علاقائی جماعت کی تشکیل کی کیلئے کی جانے والی کوششوں کی تصدیق کردی اور کہاکہ ہم کب تک وفاق کی طرف دیکھتے رہیں گے ؟ آج نہ سہی تو کل ہمیں علاقائی جماعت ضرور بنانا پڑے گی اس لئے کل کی بجائے کوشش آج کیوں نہ کرلی جائے جب تک ہماری اپنی جماعت نہیں ہوگی تب تک ہماری کوئی عزت ہوگی اور نہ ہی ہمارے حقوق کا تحفظ ہوگا جب تک ہم علاقائی جماعت نہیں بنائیں گے تب تک ہمارے دکھوں کا مداوا نہیں ہوگا ہم نے ضرورت کے پیش نظر علاقائی جماعت کی تشکیل کیلئے باقاعدہ کوششیں شروع کردی ہیں مجوزہ جماعت میں وزیراعلی سمیت کئی وزرا شامل ہونگے ہم سب علاقے کے حقوق کیلئے مشترکہ کوشش کریں گے اور عوام کیلئے لڑیں گے یہ ہمارا عہد ہے انشا اللہ ہم اپنی کوششوں میں کامیاب ہونگے انہوں نے کہاکہ ساری جماعتیں آفر کررہی ہیں مگر ہم نے فیصلہ کرلیا ہے اب کسی جماعت کا حصہ نہیں جائیں گے بلکہ اپنی الگ جماعت بنائیں گے یہ وقت کی اہم ترین ضرورت بھی ہے
