اسلام آباد (آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی ترقی و بہبود کا فلیگ شپ پروگرام ہے، دولت مشترکہ ممالک کا مستقبل نوجوانوں پر منحصر ہے، دولت مشترکہ کے رکن ممالک کی60فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، ہمیں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے۔اسلام آباد میں دولت مشترکہ ایشیا یوتھ الائنس سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ دولت مشترکہ ایشیا یوتھ الائنس سمٹ کی میزبانی پر خوشی ہے، حکومت اور عوام کی طرف سے شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں، پاکستان بانی رکن ہونے کی حیثیت سے دولت مشترکہ اور اس کے اداروں کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے، دولت مشترکہ رکن ممالک کے درمیان بہترین شراکت داری کاپلیٹ فارم ہے۔انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ کے رکن ممالک کی 60 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے، دولت مشترکہ ممالک کا مستقبل نوجوانوں پر منحصر ہے، ہمیں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور فنی تعلیم سے آراستہ کرنا ہے، نوجوان پرامن اور خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں۔ نوجوانوں کی بہبود اورترقی کے حوالے سے پنجاب اوروفاق نے متعدد منصوبے شروع کیے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا 70 فیصد 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ہم پوری طرح سے اس صلاحیت کا ادراک رکھتے ہیں اور حوصلہ افزائی کرتے ہیں کہ یہ ایسا چیلنج ہے جسے باآسانی عظیم مواقع میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ نوجوان صرف مستقبل کے رہنما ہی نہیں بلکہ وہ آج تبدیلی لانے والے بھی ہیں، یہ اہم ہے کہ ہم انہیں ایسے پلیٹ فارم، مواقع اور صلاحیتیں مہیا کریں کہ وہ قوم کی تعمیر اور فیصلہ سازی میں اپنا حصہ ڈال سکیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے آئیڈیاز اور توانائی ہمارے لیے مشعل راہ بن سکیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے کمزور مالی وسائل کے ہونہار طلبا کو وظائف دیئے گئے، اسلام آباد،گلگت بلتستان ،آزاد کشمیر اوربلوچستان کے دوردراز علاقوں میں دانش سکول قائم کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی ترقی وبہبود کا فلیگ شپ پروگرام ہے، میں نے اپنی تمام سیاسی زندگی میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حوالے سے اقدامات اٹھائے۔قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے قومی یوتھ کونسل کے ارکان سے حلف لیا اور نوجوانوں میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے۔ ادھروزیراعظم محمد شہباز شریف نے صحت کے نظام کو جدید خطوط پر استوارکرنے اور صحت کی سہولیات کے حوالے سے اسلام آباد کو پورے ملک کے لئے ماڈل بنانے کی ہدایت کردی ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت قومی صحت کے امور پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو اسلام آباد میں صحت کی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کو کمپنیز ایکٹ کے سیکشن 42 کے تحت ایک کمپنی کے طور پر قائم کیا جا چکا ہے، جے ایم سی کی سٹیئرنگ کمیٹی نے جناح میڈیکل کمپلیکس کا ماسٹر پلان منظور کر لیا ہے، جناح میڈیکل کمپلیکس کے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ اور پراجیکٹ امپلی منٹیشن کے حوالے سے بھرتیوں کے عمل کا آغاز کیا گیا ہے۔ شہباز شریف نے جناح میڈیکل کمپلیکس و ریسرچ سینٹر کے کام کو تیز رفتار بنانے اور میڈیکل و سرجیکل مشینری و آلات کی خریداری کے حوالے سے پری کوالیفکیشن کا عمل بروقت شروع کرنے کی ہدایت کی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پری کوالیفکیشن کے عمل کو ماہر کنسلٹنٹ کی نگرانی میں مکمل کیا جائے۔
