وزیراعلیٰ کے دورہ امریکہ پر حکومت کا ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوا، ایمان شاہ

 گلگت (جنرل رپورٹر)معاون خصوصی اطلاعات ایمان شاہ نے کہا ہے کہ حاجی گلبر خان اور دیگر وزرا کے دورہ امریکہ پر حکومت کا ایک پیسہ بھی خرچ نہیں ہوا ہے۔ گلبر خان روپانی فانڈیشن کی دعوت پر گئے ہیں جبکہ راجہ ناصر علی خان اپنے خرچے پر امریکہ گئے ہیں۔ گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2022 میں خالد خورشید کی قیادت میں سارے رنگیلے سرمایہ کاری کانفرنس کے نام پر دبئی گئے تھے جس پر 50 کروڑ روپے خرچ ہوئے نتیجے میں ایک روپے کی بھی سرمایہ کاری نہیں ہوئی۔ خالد خورشید کی حکومت عیاشیوں کی کئی داستانیں ہیں جن کے ثبوت بھی موجود ہیں، وقت آنے پر انہیں سامنے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خالد خورشید نے پشاور میں بہت سی بڑھکیں ماریں، اسٹیبلشمنٹ کیخلاف بیانات دئیے، جس اسٹیبلشمنٹ کے وہ آج مخالف ہیں دو ہزار بیس کے الیکشن میں یہی بندہ اسی اسٹیبلشمنٹ کے سامنے اتنی حاضریاں لگاتا تھا جتنی خود اس ادارے کے ملازمین بھی حاضر نہیں ہوتے تھے۔ خالد خورشید کو چیف منسٹر بھی اسٹیبلشمنٹ نے بنوایا تھا۔ جب جعلی ڈگری کے معاملے پر اسٹبلشمنٹ نے تعاون سے انکار کیا تو یہ ایک دم سے مخالف ہو گئے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی نے دو سو بندوں کے ساتھ اتحاد چوک پر احتجاج کیا، ایکشن کمیٹی حقوق کے نام پر اپنے معاملات طے کرتی ہے۔