گلگت،سیوریج سسٹم کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے، چیف سیکرٹری

 گلگت(پ ر)چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا کی زیر صدارت جی ڈی اے کی  گیارہویں اتھارٹی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں محکمہ ہذا سے حامل گلگت شہر کے اہم ترقیاتی امور اور منصوبوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں گلگت بزنس حب، گلگت ماسٹر پلان کی عملداری ، سینیٹری اور سیوریج سسٹم کے ورک پلان سمیت شہر میں جاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی عباس علی خان نے ایجنڈا متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔اس موقع پر چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا نے سیوریج سسٹم کے تعمیراتی کام میں سستی  پر نوٹس لیتے ہوئے محکمے کو ہدایت کی کہ ٹھیکیدار سے اس منصوبے کو بروقت تکمیل کی یقین دہانی کرائی جائے تاکہ عوام کو اس کے بھرپور ثمرات مل سکیں۔اجلاس میںکام کے معیار کے حوالے سے  مختلف شکایات کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ پروجیکٹ کوارڈینیشن کمیٹی میں علاقے کے حلقے کے ایم ایل ایز کو بھی شامل کرکے اس کو مزید  فعال اور موثر بنایا جائے تاکہ منصوبے کے معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔اجلاس میں سیکریٹری فنانس عزیز احمد جمالی، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سبطین احمد،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ رحیم گل ، ڈی سی گلگت اور ایف سی این اے اور پلاننگ ڈیپارٹمنٹ کے نمائندوں نے شرکت کی۔  جب کہ ممبران اسمبلی میں امجدایڈووکیٹ اور جمیل احمد ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں طے پایا کہ کہ گلگت ماسٹر پلان کی عملداری، گلگت شہر میں مختلف محکمہ جات کے دائرہ اختیار اوران کے  باہمی کام کی تقسیم سمیت  گلگت ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی تشکیل کیلئے رولز اینڈ بزنس کمیٹی جلد لائحہ عمل طے کرے گی۔اسکے علاوہ  بزنس حب منصوبہ پر عملدرآمد کے لیے حکمت عملی بھی وضع کی گئی۔ کنوداس سکارکوئی میں جاری واٹر سپلائی سکیم کے حوالے سے ڈی جی جی ڈی اے روشنی ڈالی کہ منصوبہ کامیابی سے اپنی تکمیل کی طرف گامزن ہے اور سکارکوئی ایریا میں پانی ترسیل شروع ہوئی ہے جبکہ بقایا علاقوں میں بھی کام تیزی سے جاری ہے ۔ محکمہ واسا کا سٹاف اگلے مہینے سے جی ڈی اے میں شفٹ ہوگا جس سے پانی ترسیل بابت عوامی مسائل حل ہونے میں بڑی مدد ملے گی ۔ مستقبل میں اس سکیم کو کامیابی اور بلا تعطل چلانے کے لئے آپریشنل بجٹ ڈیمانڈ بھی پیش ہوا ۔ چیف سیکرٹری نے جی ڈی اے کارکردگی کو سراہتے ہوئے  تمام منصوبوں کی بروقت تکمیل اور معیار کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔