قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن لینے پر اے سی گلگت کا تبادلہ کردیا گیا

  گلگت(سٹاف رپورٹر)اسسٹنٹ کمشنر گلگت لیفٹیننٹ(ر)محمد اویس عباسی کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔ اے سی ہنزہ محمد طلحہ اسد خان کو اے سی گلگت تعینات کر دیا گیا ہے۔ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن سے جاری ہونے والے نوٹیفیکیشن کے مطابق اے سی گلگت لیفٹیننٹ ر محمد اویس کا تبادلہ کر کے اے سی ہنزہ تعینات کیا گیا ہے جبکہ اے سی ہنزہ محمد طلحہ اسد کا گلگت تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قبضہ مافیہ کے خلاف ایکشن لینے پر اے سی گلگت کا تبادلہ کیا گیا ہے۔ اے سی گلگت نے سکوار میں عوامی زمینوں پر قبضہ مافیا کی طرف سے تعمیرات روکی جس پر بعض افراد نے سوشل میڈیا پر اے سی کے خلاف مہم شروع کر دی۔ بعد ازاں حکومت نے دبا ئومیں آ کر اے سی کا تبادلہ کر دیا گلگت کی سول سوسائٹی نے اسسٹنٹ کمشنر گلگت کے تبادلے کو مسترد کردیا ، اسسٹنٹ کمشنر کا تبادلہ لینڈ مافیا کے دبائو پر کیا ہے جوکہ قابل ، نڈر اور بیباک آفیسر کے ساتھ ناانصافی ہے, اسسٹنٹ کمشنر لیفٹیننٹ(ر)محمد اویس عباسی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہر کی سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے شیر افضل ، اکرام حیدر ، فدا حسین، قیصر عباس ، شرافت حسین اور دیگر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گلگت کی تاریخ میں پہلے اسسٹنٹ کمشنر ہیں جنہوں نے لینڈ مافیا اور اسکے پشت پناہوں کے ناک میں دم کرکے رکھا تھا ، ریونیو سٹاف کا قبلہ درست کیا تھا ، پہلی مرتبہ کئی ہزار کنال اراضی لینڈ مافیا کے قبضے سے واگزار کرایا تھا ۔ عمائدین نے چیف سیکرٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر کا تبادلہ روکا جائے اور کام کرنے دیا جائے بلکہ فل اختیارات دیکر وسیع پیمانے پر لینڈ مافیا کے خلاف کریک ڈاون کی قیادت سونپی جائے ، اسسٹنٹ کمشنر گلگت کے شاندار کام کرنے پر سرخ سلام اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔