اسلام آباد(پ ر) گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے ملاقات کی اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے چیف الیکشن کمشنر کو ہدایت کی کہ بلدیاتی انتخابات کی تمام تر تیاریاں جلد مکمل کی جائیں اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنایا جائے۔چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے سید مہدی شاہ کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور کہا کہ وارڈز اور حلقہ بندیوں کے عمل کو مکمل کرنے کیلئے کام جاری ہے اوربلدیاتی نشستوں پر کام مکمل کیا جارہا ہے۔ گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کو شفاف طریقے سے عمل میں لایا جائے گا اور تیاریاں مکمل ہوتے ہی بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے ہمیشہ صاف شفاف طریقے سے انتخابات کرانے کا عمل احسن طریقے سے مکمل کیا ہے اور رواں سال بلدیاتی انتخابات بھی شفاف طریقے سے کرائے جائیں گے۔
