لینڈ ریفارمز انتخابات سے قبل منظور کرائیں گے، امجد ایڈووکیٹ

 اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر)گلگت بلتستان جرنلسٹ فورم اسلام آباد و راولپنڈی کے وفد کی صوبائی صدر پاکستان پیپلز پارٹی امجد حسین ایڈوکیٹ سے ملاقات۔ ملاقات میں گلگت بلتستان کے مسائل اور انتخابات پر بات چیت ہوئی۔ امجد حسین ایڈوکیٹ نے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کا دیرینہ مسئلہ لینڈ ریفارمز ہیں، ہم آنے والے انتخابات سے قبل لینڈ ریفارمز بل اسمبلی سے پاس کرائیں گے۔ لینڈ ریفارمز بل سے لوگوں کو حق ملکیت حاصل ہوگا اور زمینیوں کے غیر قانونی فروخت اور ناجائز قبضوں سے نجات ملے گی۔ امجد حسین ایڈوکیٹ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی گلگت بلتستان کے مسائل اور آئینی ریفارمز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔ یہ پیپلز پارٹی ہی ہے جس نے گلگت بلتستان سے راجہ گیر نظام کا خاتمہ کیا، بنیادی حقوق فراہم کیے اور آئین ساز اسمبلی دی۔ مستقبل میں بھی گلگت بلتستان کے لیے بہترین حکمت عملی اور فیصلے پیپلزپارٹی کرے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم گلگت بلتستان کے لوگوں کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں ہم کریڈٹ لینے کے چکروں میں نہیں ہیں، ہماری اولین ترجیح گلگت بلتستان کے لوگوں کی خدمت ہے اور ہمیں موقعہ ملے گا تو لوگ دیکھیں گے کہ ہم لوگوں کے دیرینہ مسائل حل کریں گے۔