گلگت بلتستان کے لوگوں کا بڑا ایشو حق معیشت، حق روزگار،حفیظ الرحمن

اسلام آباد(شفقت استوری)مسلم لیگ (ن)گلگت بلتستان کے صدر حفیظ الرحمن نے کہاہے کہ ہم لوگوں کو ایسے خواب نہیں دکھاتے جن کی تعبیر نہ مل سکے،ہم جو وعدے کرتے ہیں ان کو پورا بھی کرتے ہیں،  اس وقت گلگت بلتستان کے لوگوں کا اہم ایشو حق معیشت اور حق روزگار ہے ن لیگ اس حوالے سے کام کررہی ہے ،گلگت بلتستان جرنلسٹ فورم اسلام آباد و راولپنڈی کے وفد نے حافظ حفیظ الرحمن سے ملاقات کی ،وفد میں فورم کے صدر عاقل حسین باقری ، عارف کاظمی، یاسر حسین ، عبدالباری اور عبدالحسین آزاد شامل تھے،ملاقات میں سابق وزیر بلدیات رانا فرمان علی اور ن لیگ کے دیگر رہنما بھی موجود تھے،وفد نے سابق وزیراعلیٰ کو اسلام و راولپنڈی میں مقیم گلگت بلتستان کے صحافیوں کے مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے تجاویز پیش کیں۔ حافظ حفیظ الرحمن نے صحافیوں کے مسائل پر سنجیدہ اور عملی اقدامات کے لیے حکمت عملی اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس پر باقاعدہ کام کرنے کی ضرورت ہے اگر گلگت بلتستان میں آنے والے انتخابات میں ہمیں مینڈیٹ ملا تو باقاعدہ کمیٹی بنا کر صحافیوں کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے ، حافظ حفیظ الرحمن کا مزید کہنا تھا ن لیگ وہ واحد جماعت ہے جس کا باقاعدہ تحریری منشور ہے اور گلگت بلتستان کے خوشحال مستقبل کے لیے روڈ میپ ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہم ایسے خواب نہیں دکھاتے جن پر عملدر آمد ممکن نہ ہو۔ اس وقت گلگت بلتستان کے لوگوں کیلئے حق معیشت ، حق روزگار، حق تعلیم و صحت و خوشحالی زیادہ اہم ہے اور ن لیگ اس پر کام کررہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں وسائل کی کمی نہیں وسائل کو استعمال میں لاکر لوگوں کے مسائل کے حل کی ضرورت ہے۔ حافظ حفیظ الرحمان نے زور دیا کہ گلگت بلتستان کے لوگ گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ٹیکس اور بلوں کی ادائیگی کا رجحان اپنائیں جس سے معیشت مستحکم ہوگی۔