گلگت(نمائندہ خصوصی)گلگت بلتستان کے وزیر داخلہ شمس لون نے کہا ہے کہ استور واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، سخت قانونی کارروائی کی جائیگی اور جس نے غلطی کی ہے اس کو سزا ضرور ملے گی،حکومت علاقے میں کسی کو بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی،ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم سب ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کریں اور رواداری کو فروغ دیں ،کے پی این سے گفتگو کرتے ہوئے شمس لون نے کہاکہ استور میں ایک مولوی کی جانب سے جو تقریر کی گئی ہے اسے نہ ہی حکومت برداشت کرے گی اور نہ ہی ہمارا معاشرہ اس کو برداشت کرسکتا ہے ،متعلقہ مولوی کے خلاف استور میں مقدمہ درج ہوا ہے اس کی گرفتاری ہوگی اور اس کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معاملہ اس مولوی کی حد تک محدود نہیں رکھنا ہوگا بلکہ ہر بندے کو ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرنا ہوگا اور جو بھی ایک دوسرے کے عقائد کا احترام نہیں کرے گا اس کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی،وزیرداخلہ نے کہا کہ جس مولوی نے گستاخی کی ہے اس نے انتہائی غلط کام کیا ہے اس غلطی پر اس کو سزا ضرور ملے گی حکومت کسی کو بھی بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی کا راز اسی میں ہے کہ ہم ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کریں اور ایک مہذب قوم کی طرح آپس میں رواداری کو فروغ دیں تب جاکر ہم ترقی کی منزل حاصل کرسکتے ہیں۔وزیرداخلہ نے کہاکہ حکومت کسی بھی مسلک کے شخص کو یہ اجازت نہیں دے سکتی کہ وہ دوسرے عقائد کے لوگوں کی دل آزاری کرکے علاقے کے امن وامان سے کھیلے جو کوئی ایسا کرے گا اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں وہ سوشل میڈیا کو مثبت طور پر استعمال کریں اور سوشل میڈیا کو علاقے میں امن اور رواداری کے فروغ کے لئے استعمال کریں ،اگر کوئی سوشل میڈیا کو بدامنی پھیلانے کے لئے استعمال کرے گا تو اس کے خلاف بھی بلاتفریق کارروائی کی جائیگی۔
