ٹیکساس(پ ر) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے وزیر سیاحت غلام محمد، وزیر منصوبہ بندی راجہ ناصرعلی خان اور سیکرٹری حکومت گلگت بلتستان عثمان احمد کے ہمراہ ہیوسٹن، ٹیکساس میں روپانی فاؤنڈیشن کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا۔اس موقع پر روپانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین نصرالدین روپانی نے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور ان کے ہمراہ وفد کو فاؤنڈیشن کے منصوبوں اور جاری کاموں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں تعلیمی شعبے کی بہتری کیلئے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں ایک جدید نرسنگ سکول قائم کیا جائے گا۔نصرالدین روپانی نے گلگت بلتستان حکومت کیساتھ ملکر سٹنٹنگ جیسے سنگین مسئلے کو حل کرنے کیلئے اپنی فاؤنڈیشن کے تعاون کی پیش کش کی۔روپانی فاؤنڈیشن کے سی ای او مارک انٹونیو بھی اس ملاقات میں موجود تھے۔ وفد کو فاؤنڈیشن کے مختلف شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ جس میں یہ اجاگر کیا گیا کہ کس طرح فاؤنڈیشن نے کمسن بچوں کی پرورش، کمیونٹی کو بااختیار بنانے، اور تعلیم و صحت کی سہولیات کے ذریعے پائیدار ترقی کے فروغ میں مثبت کردار ادا کیا ہے۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے اس موقع پر روپانی فاؤنڈیشن کی جانب سے گلگت بلتستان میں صحت، تعلیم اور تعمیر وترقی میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت روپانی فاؤنڈیشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائے گی۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہاکہ روپانی فاؤنڈیشن بنیادی نظام تعلیم کی بہتری کیلئے اپنے پروگرام کو وسعت دے جس سے صوبے میں بنیادی نظام تعلیم کی بہتری میں معاونت ملے گی۔ ادھر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے ہیوسٹن میں ابن سینا فاؤنڈیشن کا بھی دورہ کیا۔دورے کے دوران، روپانی فاؤنڈیشن کے چیئرمین نصرالدین روپانی اور ابن سینا فاؤنڈیشن کے سی ای او ڈاکٹر نعمت شاہ نے وزیر اعلیٰ اور ان کے وفد کو فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی صحت اور کمیونٹی خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ابن سینا فاؤنڈیشن کے بورڈ ممبر موسیٰ بھایانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر اعلیٰ نے نصرالدین روپانی کی قیادت میں فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ صحت اور سماجی ترقی کے شعبوں میں فراہم کی جانے والی خدمات قابل تحسین ہیں، جنہوں نے ضرورت مند کمیونٹیز پر گہرا اثر چھوڑا ہے۔روپانی فاؤنڈیشن اور گلگت بلتستان کے درمیان طویل المدتی تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیر اعلیٰ نے فلاحی اقدامات کی تعریف کی، جو مقامی اور عالمی سطح پر پسماندہ آبادیوں کی مدد کے لیے سرگرم ہے۔یہ دورہ گلگت بلتستان میں صحت اور پائیدار ترقی کے فروغ کے لیے فلاحی اور ترقیاتی تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کے عزم کو واضح کرتاہے۔
