محصولات ہدف ہرصورت یقینی بنایا جائے، وزیراعلیٰ

 گلگت(پ ر)وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان نے مالی سال 2024-25 میں مختلف محکموں کیلئے متعین محصولات کے ہدف کے حصول (ریونیو ٹارگٹس) کو یقینی بنانے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے کی ترقی کیلئے صوبے کے وسائل میں اضافہ کرنا لازمی ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے محصولات کے ہدف کو یقینی بنایا جائے۔ شفافیت، میرٹ اور کفایت شعاری حکومت کے پہلے دن سے ہی ترجیحات میں شامل ہیں جن کو عملی جامع پہنانے کیلئے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات دی گئی ہیں۔ محصولات کے نظام کو شفاف اور آسان بنانے کیلئے صوبے میں جلد ریونیو آن لائن (ون لنک) سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری خزانہ کو ہدایت کی کہ تمام محکموں کیلئے متعین محصولات کے ہدف کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ جن محکموں کی جانب سے نااہلی کا مظاہرہ کیا جارہاہے ان محکموں کو پابند بنایا جائے کہ وہ اپنے محصولات کے ہدف کو یقینی بنائیں۔ مالی اصولوں کے مطابق تمام محکموں کو پابند بنایا جائے کہ مختلف مد میں جمع ہونے والے ریونیو او ر رقم کو الگ اکائونٹس میں رکھنے کے بجائے کنسولیڈئیڈ اکائونٹ (Consolidated Account) میں جمع کرائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہاکہ بہت جلد اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا جائے گا جس میں مختلف محکموں کیلئے متعین ریونیو ٹارگٹس کے حوالے سے کارکردگی کا جائز ہ لیا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری خزانہ نے مختلف محکموں کیلئے متعین ریونیو ٹارگٹس اوراب تک کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ادھروزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان حاجی گلبر خان نے میڈیا انڈسٹری کو درپیش مسائل حل کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی حکومت میڈیا انڈسٹری کودرپیش مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ علاقائی اخبارات اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے پالیسی بنارہے ہیں ۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے صوبائی سیکریٹری اطلاعات کو ہدایت کی کہ اخبارات کو درپیش مسائل حل کرنے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کیلئے دیگر صوبوں کے میڈیا پالیسز کو مدنظر رکھتے ہوئے گلگت  بلتستان کیلئے بھی میڈیا پالیسی کو حتمی شکل دیکر کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کی جائے۔ صحافیوں کو ایکریڈیشن کارڈز جاری کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر صوبائی سیکریٹری اطلاعات کو ہدایت کی کہ پالیسی کے مطابق علاقائی اخبارات کیلئے سپلیمنٹس کے اجراء کو بلاتعطل یقینی بنایا جائے۔