چلاس(پ ر) واپڈا اور جی بی آر ایس پی کے تعاون سے ٹیکینکل اینڈ وکیشنل ٹریننگ کے پہلے بیچ کے کلاسسز کا 13 جنوری سے باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے،، اس پروگرام کے تحت ابتدائی طور پر 14میں سے 7شعبوں میں دیامر کے 130امیدواروں کو تیکنیکی تربیت دی جارہی ہے۔ واپڈا ہرپن داس ماڈل کالونی میں واقع وکیشنل ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ میں الیکٹریشن ،پلمبنگ،سٹیل فکسر،کارپنٹر،مستری،شیف اور ویلڈنگ کی فنی تربیت دی جارہی ہے،تین ماہ کی دورانیے پر مشتمل اس پروگرام میں ہزارہ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہر ٹرینرز امیدواروں کو مختلف شعبوں میں تھیوری اور پریکٹیکل کلاسسز کے ذریعے تربیت فراہم کریں گے۔اس پروگرام کا مقصد پراجیکٹ ایریا خصوصا دیامر کے نوجوانوں کو جدید دور سے ہم آہنگ قومی اور بین الاقوامی مارکیٹ کو درکار ماہر افرادی قوت کیلیے تربیت فراہم کرنا ہے،اس کے ساتھ ساتھ پراجیکٹ ایریا کے نوجوانوں کو جدید فنی تربیت دے کر انھیں میگا پراجیکٹس میں روزگار اور بہتر معاش کے حصول کے قابل بنانا ہے۔واپڈا اور جی بی آر ایس پی کے تحت دیگر 7شعبوں میں بھی فنی تربیت کے لئے بہت جلد داخلوں کا اعلان کیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ریٹائرڈ) کی زیرصدارت واپڈا اتھارٹی نے اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت چلاس میں نوجوان کو فنی تربیت فراہم کرنے کے لیے اس پروگرام کی منظوری دی تھی، دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے تحت اس سے قبل بھی ٹیکنیکل وکیشنل ٹریننگ پروگرامز کا انعقاد کیا گیا ہے اور متعدد کامیاب امیدوار مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، اس کے ساتھ پراجیکٹ ایریا میں اعتماد سازی کے منصوبوں کے تحت ٹیکینکل و وکیشنل ادارے کا قیام بھی شامل ہے۔
