کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ نے کہا ہے کہ خطے میں بہت مسائل ہیں،کراچی میں گورنرز سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے مہدی شاہ نے کہاکہ گورنرز آگے بڑھیں ہم ان کے ساتھ ہیں، گلگت بلتستان میں بھی بہت مسائل ہیں، اس کانفرنس کے ذریعے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔ہمیشہ سے یہی کوشش رہی ہے کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کروں ،گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ سیاست نہیں ریاست ہماری ترجیح ہے، پاکستان کو معاشی استحکام کی ضرورت ہے، معاشی استحکام میں گورنرز اپنا کردار ادا کریں گے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ عوام کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، آئین عوام کیلئے ہوتا ہے، آئین پاکستان عوام کے حقوق کا محافظ ہے، ہمیں عوام کی خدمت کیلئے آگے آنا چاہئے، ہم زیادہ سے زیادہ عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔کامران ٹیسوری نے کہا کہ کچھ نکات پر اتفاق ہوا ہے جو صدر اور وزیراعظم کو پیش کریں گے، سٹاک ایکس چینچ اچھی چل رہی ہے، شرح سود کم ہو رہی ہے، اڑان پاکستان کے تحت پاکستان آگے بڑھے گا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ گورنر ہمیشہ وفاق کا نمائندہ ہوتا ہے، ملک کی بہتری کیلئے گورنرز اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، مشکل حالات میں ایک اتحادی حکومت بنائی گئی، یہ اتحاد مجبوری میں کیا گیا،ان 8 سے 9 ماہ میں ملک بہتری کی طرف گیا۔سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ الیکشن سے پہلے ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر تھا، کوشش ہوگی ملک کو آگے لے جانے کیلئے گورنرز کا کردار ہو۔سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا شکرگزار ہوں، آج بہت سی چیزوں پر بات چیت کی، آئین و قانون کے تحت جہاں ہماری ضرورت ہوگی جائیں گے۔فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی ترقی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔گورنر بلوچستان جعفرمندوخیل نے خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ ملک معاشی مشکلات سے نکل آیا ہے انھوں نے کہاکہ بلوچستان کے ایشوز پر وفاق سے بات ہوتی رہتی ہے،کوشش ہے کہ صوبے کے عوام کے مسائل حل کرنے میں کو کسر نہ چھوڑی جائے۔
