سکردو(محمد اسحاق جلال) پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر امجد ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ صوبائی اسمبلی کے الیکشن کی کوئی تیاری نہیں ہے وقت سے پہلے الیکشن کی تیاری کرنا ہوتی ہے الیکشن کے حوالے سے ابھی کوئی پیش گوئی نہیں کرسکتے ابھی زائچے دیکھے ہی نہیں ہیں ہاتھ کی لکیریں دیکھنے والوں نے لکیریں نہیں دیکھیں، زائچے بنانے والے ابھی سورہے ہیں جب ذائچے ہی نہیں بنے ہیں تو کوئی کیسے کہہ سکتا ہے کہ گلگت بلتستان میں آئندہ مخلوط حکومت بنے گی یا کسی جماعت کو اکثریت ملے گی اس سال کے زائچے کام نہیں آئیں گے اس سال کے زائچے میں حاجی گلبر خان تھے کیا پتہ رواں سال دسمبر میں بننے والے ذائچے میں کس کا نام ہوگا ؟ یہاں کا زائچہ ہر سال دسمبر میں بنتا ہے اس لئے دسمبر 2025 کے زائچے کا انتظار کرنا ہوگا جب دسمبر آئے گا تو سب کو پتہ چلے گا کہ زائچے میں کس کا نام آیا ہے اور ہاتھ کی لکیریں دیکھنے والوں نے کیا دیکھا ہے ؟ کے پی این سے بات چیت کرتے ہوئے امجدایڈووکیٹ نے کہاکہ موجودہ صوبائی حکومت وہ واحد خوش قسمت حکومت ہے جس کیلئے کوئی مسئلہ درپیش ہی نہیں ہے جب یہاں بجلی کی لوڈشیڈنگ عروج پر پہنچی تو وفاق نے فوری طور پر یہاں کے ذمہ داران کو بلایا اور کہاکہ بجلی بحران کے خاتمے کیلئے آدھا پیسہ وفاق دے گا اور آدھا صوبائی حکومت برداشت کرے اس طرح مسئلہ حل ہوگیا وفاق نے کہاکہ جہاں جہاں لوڈشیڈنگ ہورہی ہے وہاں چھ گھنٹے جنریٹرز چلائے جائیں اور عوام الناس کو چھ گھنٹے بجلی دیدی جائے گی وفاق کا حکم آگیا ہے تو ہماری مجال ہے کہ ہم نا کہیں ہم وفاق کے حکم کو کیسے ٹال سکتے ہیں ؟ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں اعلیٰ فورم پر وزیراعلی حاجی گلبرخان اور سابق وزیراعلی حافظ حفیظ الرحمن کے مابین تلخی کیوں اور کس بات پر ہوئی انہی شخصیات سے پوچھا جائے میری جو ذمہ داری بنتی تھی وہ میں نے موقع پر ہی ادا کردی اور ان کے مابین تلخی ختم کرادی ،جرگہ کرنے والا جو بھی ہوتا ہے اس کا کام خامیوں کو اجاگر کرنا نہیں ہوتا ہے، اس کی کوشش ہوتی ہے وہ خامیوں کو چھپائے، میں جرگہ دار ہوں میں گلبر خان اور حفیظ الرحمن کے مابین ہونے والی تلخی کو کیوں ہائی لائٹ کروں گا، میرا کام تلخیوں کو ختم کرنا ہے تلخیاں بڑھانا میرا شیوہ نہیں ہے، میں مفاہمت کا حامی رہا ہوں، تمام جماعتوں کے مابین مفاہمت کا خواہاں رہتا ہوں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سکردو حلقہ نمبر1 سمیت تمام حلقوں میں پارٹی ٹکٹوں کا فیصلہ پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہی کریں گے میں مفاہمت کا حامی ہوں میں کسی کی جانبداری کیسے کرسکتا ہوں۔
