ڈیزل جنریٹرز کیلئے افسران کی مراعات سے کٹوتی کی جائے، ایکشن کمیٹی

گلگت (پ ر) عوامی ایکشن کمیٹی گلگت بلتستان کا اہم اجلاس زیر صدارت مرکزی چیئرمین احسان ایڈوکیٹ گلگت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ہنزہ کی عوام ، کو ٹھٹھرتی سردی میں جاری تاریخی کامیاب دھرنا دینے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہنزہ کی عوام کے اتحاد نے حکومت کو ان کے مطالبات کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا  لیکن ساتھ ساتھ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیشہ کی طرح موجودہ حکومت اور ان کے ہینڈلرز عوام کو سبز باغ دکھاکر پھر سے اندھیرے میں رکھنے کی کوشش کرینگے عوامی ایکشن کمیٹی ہنزہ کے عوام کیساتھ ہونے والے وعدوں دعووں اور معاہدوں پر پہرہ دینگے اور حکومت کو بھاگنے نہیں دینگے عوامی ایکشن کمیٹی نے ہنزہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے 10 جنوری بروز جمعہ کو جو احتجاج کی کال دی تھی وہ ہنزہ میں کامیاب مذاکرات کیوجہ سے فی الحال 15 دن کیلئے ملتوی کر رہی ہے اگر ہنزہ سمیت گلگت بلتستان بھر میں تھرمل جنریٹرز کے زریعے فوری بجلی فراہم نہیں کی گئی تو پھر پورے گلگت بلتستان بھر میں احتجاج کی کال دی جائیگی ۔ عوامی ایکشن کمیٹی تھرمل پاور سپلائی کو مستقل حل نہیں سمجھتی لیکن وقتی طور پر عوام کو بجلی فراہم کرنے کیلئے سرکاری افسران کی 7000 گاڑیوں اور ان کے مراعات پر خرچ ہونے والے اربوں روپے کو کاٹ کر جنریٹرز کے زریعے بجلی فراہم کی جائے۔ اور مستقل لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے عطا آباد 54 میگاواٹ ،ہینزل 20 میگاواٹ ، نلتر 16 میگاواٹ ، غواڑی ، شغرتھنگ ،ہرپو پاور پروجیکٹ اور تانگیر پاور پروجیکٹ کو فوری فنڈنگ کرکے ان کو بروقت مکمل کیا جائے ۔ اور جو کمپنیز اور ٹھیکیدار ان پروجیکٹس کی بروقت تکمیل میں رکاوٹ کے مرتکب ہیں انہیں بلیک لسٹ کر دیا جائے۔