اسلام آباد(پ ر)چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز اور چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)ڈاکٹر مختار احمد کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں گلگت بلتستان الیکشن کمیشن میں 16 اور 17 گریڈ کے خالی آسامیوں کے حوالے سے جاری بھرتی کے عمل پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ملاقات میں پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل کے بعد دوسرے مرحلے میں سبجیکٹیو ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے عملی اقدامات پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر مختار احمد نے یقین دہانی کرائی کہ دوسرے مرحلے کے سبجیکٹیو ٹیسٹ کا انعقاد جلد اور شفاف طریقے سے یقینی بنایا جائے گا۔چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے مزید کہا کہ ٹیسٹنگ کے عمل کو مکمل شفافیت اور میرٹ کے اصولوں کے مطابق سرانجام دیا جائے گا، جس کے بعد انٹرویو کے مرحلے کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام امیدواروں کو یکساں مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ بہترین اور موزوں امیدواروں کا انتخاب کیا جا سکے۔چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے اس حوالے سے کہا کہ الیکشن کمیشن اور ایچ ای سی کے اس اشتراک سے بھرتی کے عمل کو شفاف اور موثر طریقے سے مکمل کرنے میں مدد ملے گی، جو علاقے کے نوجوانوں کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو ہائیر ایجوکیشن کمیشن ٹیسٹنگ کونسل اور دیگر اعلی حکام نے بھی اپنی مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ملاقات میں پروونشل الیکشن کمشنر عابد رضا اور دیگر اعلی افسران بھی موجود تھے۔
