اسلام آباد(پ،ر)گلگت بلتستان میں بجلی بحران پر قابو پانے کے لئے ڈیز ل جنریٹرز چلانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے،تفصیلات کے مطابق ہنزہ سمیت گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع میں بجلی بحران کے خاتمے کیلئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، رکن گلگت بلتستان اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ ، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا اور سابق وزیر اعلیٰ حافظ حفیظ الرحمن نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان اس وقت بدترین لوڈ شیڈنگ کے عمل سے گزر رہا ہے، ہمیں عوامی مسائل کا ادراک بھی ہے اور احساس بھی ہے، چونکہ گلگت بلتستان میں بجلی کا یہ بحران کوئی نیا نہیں،وزیراعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سردی کے موسم میں پانی جم جاتا ہے،پانی کا فلو کم ہونے کے باعث بجلی کی پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے، اسلئے صوبے میں بجلی کی ضروریات پوری کرنے کے لئے ڈیزل جنریٹرز درکارہیں ،انھوں نے کہاکہ ڈیزل جنریٹرز چلانے پر خطیر لاگت آتی ہے، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے وفاقی حکومت پر زور دیا اور سفارش کی کہ وہ گلگت بلتستان کیلئے ڈیزل جنریٹر چلانے کی مد میں گرانٹ کی منظوری دے تاکہ بجلی بحران کا خاتمہ ممکن ہوسکے، اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ہنزہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں ماہ جنوری اور فروری میں 5 سے 6 گھنٹے بجلی کی فراہمی ڈیزل جنریٹرز سے یقینی بنائی جائے گی ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ ہمیں عوامی مسائل کا ادراک ہے اور ہم نے صوبے کے مسائل کم کرنے میں آج تک نیک نیتی اور ایمانداری سے کام کیا ہے، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈیزل جنریٹر کے ذریعے بجلی کی فراہمی میں شفافیت اور مانیٹرنگ کے عمل کو موثر بنایا جائے گا۔
