پارا چنار(مانیٹرنگ ڈیسک)اشیائے خورونوش اور سامان رسد پر مشتمل گاڑیوں کا پہلا قافلہ پارا چنار پہنچ گیا۔ضلع کرم کے نئے ڈپٹی کمشنراشفاق خان کا پارا چنار نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ اشیائے خورونوش اور سامان رسد پر مشتمل گاڑیوں کا پہلا قافلہ پارا چنار پہنچ چکا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قافلے کا بخیر و عافیت پارا چنار پہنچنا بہت خوش آئند ہے، سابق ڈپٹی کمشنر کرم پر حملہ کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام سے درخواست ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور امن کو قائم رکھیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر پر فائرنگ کی وجہ سے 4 جنوری 2025 کو چلنے والا قافلہ روک دیا گیا تھا جو بدھ کو روانہ ہوکر پاڑا چنار پہنچا ہے۔قافلہ پولیس کی حفاظت میں پاڑا چنار پہنچا جبکہ کسی ہنگامی صورت حال میں پولیس کی معاونت کے لیے دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی ہمہ وقت تیار تھے۔واضح رہے کہ امن کمیٹیوں نے علاقے میں امن و امان قائم رکھنے کی ضمانت دے رکھی ہے امن کمیٹیوں کا قیام یکم جنوری کے ہونے والے امن معاہدے کے جرگے میں ہوا تھا۔قبل ازیں اس حوالے سے مشیر کے پی حکومت بیرسٹر سیف نے کہا کہ ضلع کرم کے لیے امدادی اشیا پر مشتمل 40 گاڑیوں کا کانوائے آج بخیریت روانہ کر دیا گیا، ،رات گئے تک مقامی مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کے بعد کانوائے روانہ کیا گیا۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ مذاکرات میں گرینڈ جرگہ، کرم امن کمیٹی اور مقامی امن کمیٹیوں نے کلیدی کردار ادا کیا، امن کے قیام سے عنقریب مزید کانوائے بھی بھیجے جائیں گے۔
