واپڈا سینئر مینجمنٹ کورس کے افسران کا گلگت بلتستان کا دورہ

گلگت (پ ر) واپڈا ایڈمنسٹریٹو اسٹاف کالج اسلام آباد کے سینئر مینجمنٹ کورس کے افسران نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبائی حکومت کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سیاحت، ثقافت و کھیل راجہ ناصر علی خان، صوبائی وزیر زراعت، لائیو اسٹاک و فشریز انجینئر انور، اور صوبائی وزیر قانون غلام محمد نے گلگت بلتستان کے مختلف پہلوں پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر سیکریٹری قانون سجاد حیدر نے آفیسران کو پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)کے تحت خطے کی اہمیت، گلگت بلتستان کے محل وقوع، ضلعی انتظامات، آبادی، بجلی کے نظام، معدنی ذخائر، خطے میں موجود گلیشیئرز، گلگت بلتستان کی تاریخ، اور بین الاقوامی سرحدوں کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کیں۔صوبائی وزرا نے شرکا کو بتایا کہ گلگت بلتستان میں گورننس کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے اور موجودہ حکومت نے ثابت کیا ہے کہ خطے کو منظم اور موثر انداز میں چلایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں نظم و نسق کے بہتر اقدامات کے ذریعے ترقی کی رفتار میں اضافہ ہوا ہے۔دورے پر آئے ہوئے واپڈا حکام نے گلگت بلتستان کے سیاحت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ خطہ قدرتی خوبصورتی اور وسائل سے مالا مال ہے اور اگر اس کے سیاحتی شعبے پر توجہ دی جائے تو جلد ہی یہ علاقہ بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے۔