گلگت (ثاقب عمر)سابق رکن گلگت بلتستان اسمبلی و رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن)رانی عتیقہ غضنفر نے کہا ہے کہ ہنزہ میں لوڈ شیڈنگ میں کمی کے لئے فوری تھرمل جنریٹرز چلانے کی ضرورت ہے ، اس وقت ہنزہ روز بروز پتھر کے دور میں جارہا ہے،ہنزہ کی رائل فیملی کے رکن پرنس سلیم نے کہا ہے کہ وزیراعظم،فورس کمانڈر اور چیف سیکرٹری ہنزہ کی صورتحال کا نوٹس لیں اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ کے پی این سے گفتگو کرتے ہوئے رانی عتیقہ نے کہا کہ ہمارے دور حکومت میں ہنزہ ضلع بنا ، شیناکی تحصیل بنی اور گوجال سب ڈویژن بنا ہم نے اپنے دور میں حسن آباد اور گوجال میں پاور ہائوس بنائے حسن آباد سے وزیر بیگ نے ایک میگاواٹ نگر کو دیا آج ہنزہ کی بچیاں بیرون ملک میڈلزلے رہی ہیں تو یہ سب سیاحت کی وجہ سے ہے سیاحت کے لئے ہم نے دن رات کام کیا اور ہمارے دور میں ہنزہ میں سیاحوں کے لئے جگہ نہیں ہوتی تھی آج سیاح بھاگ رہے ہیں آج کا دور ڈیجیٹل دور ہے عوام کو سہولیات درکار ہیں بجلی ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل کام کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ عطا آباد کا میگا منصوبہ ہم لائے اور آج اس پر کام ہورہا ہے جب عطا آباد پاور پراجیکٹ کے لئے ہم کام کررہے تھے اس وقت جو برائے نام عوامی نمائندے ہیں وہ سب سوئے ہوئے تھے آج کرنل (ر) عبید ، ایمان شاہ اور دلشاد بانو گلگت میں رہ کر ہنزہ کی سیٹوں پر براجمان ہیں وہ بتائیں کہ انہوں نے کونسا پراجیکٹ دیا ہے ؟ ہنزہ کے عوام کو مایوسی میں ہم نے نہیں دھکیلا ہے ہم حکومت میں ہوں یا نہ ہوں ہم نے ہنزہ کے لئے کام کیا ہے اور ہنزہ کے عوام کی خوشحالی کے لئے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں یونیورسٹی کیمپس کیلئے ذاتی طور پر اس وقت کے صدر ممنون حسین سے درخواست کی اور کیمپس بنوایا،یونیورسٹی سینٹ کی ممبر رہی خواتین کی اسپیشل نشستیں مختص کرائیں،سیاحت کے لئے زیرو پوائنٹ کریم آباد میں اپنی زمین دی لیکن اس کو بھی ناکام بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ احمد آباد بجلی کا پراجیکٹ دیا وہ بھی صرف ایک گائوں تک محدود کیا گیا دریا پر بجلی کا منصوبہ منظور کرایا ، ایک پھسو اور ایک ہنزہ میں لیکن اس پر تنازعہ کی وجہ سے کام نہیں ہوسکا ،اسی طرح ہم سوست پورٹ لائے لیکن ہم سے عناد کی وجہ سے اس کا اختیار بھی تیسری پارٹی کو دیدیا گیا،رانی عتیقہ نے کہا کہ ہنزہ کے لوگوں کے مقابلے میں نگر کے عوام نے باشعور ہونے کا ثبوت دیا اور آج وہ کاروبار پر چھائے ہوئے ہیں ، ہم اب بھی ہنزہ کی تعمیر و ترقی کے لئے کام کررہے ہیں کیونکہ ٹریڈ اور ٹوریزم ایک ساتھ چلتا ہے صرف سبزی اور فروٹ بیچ کر ترقی نہیں ہوتی آج کی حکومت نے کونسی سہولیات ہنزہ کو دی ہیں جس پر سیاح ہنزہ کا رخ کریں ؟ ہنزہ میں پینے کے لئے پانی میسر نہیں بجلی نہیں ہے،ہمارے دور میں تو تھرمل جنریٹرز چلتے تھے تاکہ ہنزہ میں لوڈ شیڈنگ کا ایشو نہ ہو آج دنیا ترقی کررہی ہے اور ہنزہ اندھیرے میں ہے تو یہ اب کس کا قصور ہے ؟ اور اس وقت جن پاور پراجیکٹس کو بار بار ریوائس کرایا جارہا ہے ان منصوبوں میں سے ایک منصوبے کا بھی ٹھیکیدار ہنزہ کا نہیں ہے اس پر زبانوں پر تالے کیوں لگے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے جو سو میگاواٹ سولر انرجی منصوبے کا اعلان ہوا تھا اس میں بھی میری معلومات کے مطابق ہنزہ کا نام نہیں ہے اگر ان نام نہاد لیڈروں کے پاس ہمت ہوتی تو یہ لوگ کام کرتے اور ہنزہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کرتے لیکن ایسا نہیں ہوا یہ لوگ اس وقت اپنی مدت مکمل کررہے ہیں اور عوام سڑکوں پر نکلے ہوئے ہیں اس سردی میں عوام پر ظلم کیا جارہا ہے ہنزہ کے عوام کے جو بنیادی مسائل ہیں ان کو حکومت حل کرے اور ہنزہ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک بند کیا جائے ،دوسری جانب ایک بیان میں ہنزہ کی رائل فیملی کے رکن پرنس سلیم نے کہا ہے کہ ہمارے خاندان نے ہنزہ کی جتنی خدمت کی اس کی مثال نہیںملتی ،ہنزہ کی موجودہ قیادت ناکام ہوچکی ہے،وزیرا عظم، فورس کمانڈر اور چیف سیکرٹری ہنزہ کے مسائل کا نوٹس لیں اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کریں، پرنس سلیم نے کہا کہ ریاست کے خاتمے کے بعد 1974 کے بعد سے ہنزہ کے ہر منصوبے پر میر خاندان نے عملدرآمد کیا ۔بجلی کے منصوبے، مسگر، حسن آباد، میون، خیبر، مسگر ہماری کوششوں سے مکمل ہوئے،ہنز کو ضلع بھی ہمارے خاندان نے بنوایا،علاقے میں سڑکوں کی تعمیر،سکول ،کالج کے قیام میں بھی میرخاندان کا اہم کردار رہا ہے ،پرنس سلیم نے کہاکہ ہنزہ کی موجودہ قیادت خصوصاً پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے ناکام ہوچکے ہیں ،انہوں نے گزشتہ 5 سال حکومتی مراعات کے مزے لوٹتے ہوئے ضائع کر دیے اور عوام کے مسائل حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی جس کا نتیجہ یہ ہے کہ علاقہ آج مسائل کا گڑھ بن گیا اور عوام اپنے حقوق کے لئے سخت سردی میں سڑکوں پر بیٹھے ہیں ،پرنس سلیم نے وزیر اعظم شہباز شریف، فورس کمانڈر جی بی، چیف سیکرٹری جی بی سے درخواست کی کہ وہ صورتحال کا فوری نوٹس لیں، اور اس سخت موسم میں سڑکوں پر نکلنے والے ہنزہ کے عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات کریں،پرنس سلیم نے مزید کہا کہ ہم ہنزہ کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمارے دل و دماغ ان کے ساتھ ہیں،ہنزہ کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
