ٹرانسپورٹروں نے مسافروں کو دہرے عذاب میں ڈال دیا

 گلگت(نامہ نگار خصوصی)گلگت بلتستان سے ٹرانسپورٹ آدھی رات یا صبح سویرے راولپنڈی پہنچنے سے مسافروں کو منزل مقصود تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بے وقت راولپنڈی پہنچنے پر ٹیکسی اور ہوٹل والے مسافروں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے لگے۔ بہت سارے مسافر بس اڈوں پر بے یارو مددگار سردی میں ٹھٹھرتے سورج طلوع ہونے کے منتظر دکھائی دیتے ہیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کو گلگت بلتستان سے ایسے وقت میں روانہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ مسافر دن کی روشنی میں راولپنڈی پہنچ سکیں۔ تاکہ  اندھیرے منہ  راولپنڈی پہنچنے والے مسافر مہنگے ہوٹل یا منہ مانگی قیمت پر ٹیکسی لینے سے بچ سکیں۔ مسافروں کا مزید کہنا ہے کہ راولپنڈی میں بس اڈوں پر انتظار اور خاص کر واش روم کی سہولیات کا فقدان پایا جاتا ہے۔ اس لیے یا تو ٹرانسپورٹرز  کو اوقات کار میں تبدیلی یا بس اڈوں پر سہولیات فراہم کی جائیں۔حالانکہ کہ راولپنڈی سے گلگت بلتستان روانہ ہونے والے ٹرانسپورٹ دن کی روشنی میں منزلوں پر پہنچ جاتی ہیں۔