افسران حاضری یقینی بنائیں، غفلت پر کارروائی ہوگی،ترجمان وزیراعلیٰ

 اسلام آباد(پ ر)ترجمان برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیر اعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے صوبے کے دفتری امور کو بہتر بنانے کیلئے تمام سرکاری افسران و عملہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوتاہی سے باز رہیں ، وزیر اعلی گلگت بلتستان نے سائلان کی مشکلات پر نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام محکموں کے افسران اپنے دفاتر میں حاضری کو یقینی بناتے ہوئے عوام کے مسائل کے حل پر توجہ دیں، فرائض میں کوتاہی برتنے والے سرکاری افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ادھر  نیشنل یوتھ اسمبلی پاکستان گلگت بلتستان کے وفد نے ترجمان حکومت گلگت بلتستان،فیض اللہ فراق سے ایک اہم ملاقات کی۔ اس وفد میں مصائب حسین نیازی (سینئر یوتھ منسٹر)، جمشید علی طیفور (منسٹر یوتھ افیئرز اینڈ ٹورزم) اور اسد آزاد (ہیڈ ڈسپلنری کمیٹی، نیشنل یوتھ اسمبلی) شامل تھے۔  ملاقات کے دوران نوجوانوں کی فلاح و بہبود، گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ، تعلیمی مواقع کی بہتری اور سماجی ترقی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ شرکا نے نوجوانوں کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔  ترجمان حکومت گلگت بلتستان نے نیشنل یوتھ اسمبلی کے نوجوان رہنمائوں کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ حکومت نوجوانوں کی ترقی اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سیاحت کے فروغ اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔  یہ ملاقات نہ صرف نوجوانوں کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوئی بلکہ گلگت بلتستان کی ترقی میں ان کے کردار کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دی گئی۔