کارکنا ن ابھی سے الیکشن کی تیاری کریں، جے یو آئی

گلگت (نمائندہ خصوصی) صوبائی امیر جمعیت علما اسلام گلگت بلتستان و امیدوار جی بی اسمبلی مفتی ولی الرحمان نے امارت کا عہدہ سنبھالنے کے تین ماہ بعد پہلی مرتبہ جمعیت علما اسلام گلگت بلتستان کے صوبائی سیکرٹریٹ کا قیام عمل میں لایا۔اتوار کے روز صوبائی دارالحکومت گلگت میں صوبائی امیر جمعیت علما اسلام گلگت بلتستان مفتی ولی الرحمان نے صوبائی مجلس شوری کے ہمراہ سیکریٹریٹ کا فیتہ کاٹ کر باقاعدہ افتتاح کیا۔اس موقع پر گلگت بلتستان کے تمام اضلاع سے جمعیت علما اسلام کے سینکڑوں کارکنان ریلیوں کی شکل میں گلگت پہنچے۔مرکزی ریلی کی قیادت امیر جمعیت علما اسلام گلگت بلتستان مفتی ولی الرحمان نے کی جو دیامر سے گلگت پہنچ جس میں بڑی تعداد میں عوام اور جمعیت کے کارکنان اور علما شریک تھے،گلگت پہنچنے پر جمعیت کے زمہ داران اور کارکنان نے مفتی ولی الرحمان کا شاندار استقبال کیا گلگت صوبائی سیکرٹریٹ جمعیت علما اسلام کے احاطے میں منعقدہ افتتاحی تقریب سے صوبائی امیر جمعیت علما اسلام مفتی ولی الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد ملت اسلامیہ مولانا فضل الرحمان کے مشن کو گلگت بلتستان کے کونے کونے میں پھیلانے کیلئے جدو جہد کا آغاز کردیا ہے،ہمارا مقصدخدا کی زمین پر خدا کا نظام ہے اس کو ہر گھر کی دہلیز تک پہنچائیں گے۔مفتی ولی الرحمان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں آنے والا الیکشن کا سال جمعیت کی کامیابی کا سال ہوگا۔جمعیت گلگت بلتستان کے ہر حلقے سے امیدوار کھڑا کرے گی،کارکنان ابھی سے الیکشن کی تیاری کریں انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا نظریہ آفاقی ہے اس نظریے پر چلتے ہوئے ہم دین و دنیا میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بشیر احمد قریشی نے کہا کہ آج کی یہ پروقار تقریب جمعیت علما اسلام کے ورکرز کے لئے باعث افتخار ہے۔ بشیر احمد قریشی نے کہا کہ آج جمعیت علما اسلام پاکستان کی سب موثر اور اسلام پسندوں کی سب بڑی سیاسی جمہوری جماعت ہے ۔ بشیر احمد قریشی نے مزید کہا کہ جمعیت اسلام بلاتفریق مسلک ، قوم اور علاقائیت کے پاکستان میں بسنے والے تمام شہریوں کی نمائندہ جماعت ہے۔ جمعیت علما اسلام ضلع غذر کے امیر نے جمعیت علما اسلام گلگت بلتستان کے نئے سیکرٹریٹ قائم کرنے پر جمعیت علما اسلام گلگت بلتستان کو خراج تحسین پیش کیا جمعیت علما اسلام ضلع گلگت کے امیر منہاج الدین نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم جمعیت علما اسلام سے وابسطہ ہیں اور یہ جماعت ان اکابرین کی جماعت ہے جس پر پوری دنیا کو ناز ہے ۔لہذا پورے جی بی کے عوام کو چاہئے کہ جمعیت کے دست و بازو بنے۔جمعیت علما اسلام ضلع استور کے امیر قاری عبد الحکیم نے کہا کہ آج جمعیت علما اسلام پاکستان کے امیر کی قیادت اس قدر فعال ہے کہ حکومت اور اپوزیشن ان کے در پر حاضری دینا اپنے لئے فخر سمجھتے ہیں ۔ضلع داریل کے سابق امیر مولانا فقیر محمد نے کہا کہ جمعیت علما اسلام کی امارت اور جنرل سیکرٹری ان کو ملی ہے جو اس عہدے کے اہل ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اس جماعت کی سرپرستی علما کے ہاتھ میں ہے اس لئے یہی جماعت حق پر ہے جو غالبا اسلام کے لئے کوشاں ہے۔ جمعیت علما اسلام گلگت بلتستان کے سابق امیر مولانا عطا اللہ شہاب نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علما اسلام جس کی بنیاد اکابرین نے رکھی اس کی حفاظت ہم پر لازم ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ قائد جمعیت نے جس طرح پاکستان کی سیاست کو اپنی لپیٹ لے رکھا ہے اس بیانئے کے سے جوڑے رہنا ہم پر لازم ہے ۔ جمعیت علما اسلام گلگت بلتستان کے سینئر نائب امیر اور صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن الحاج رحمت خالق نے افتتاحی نے کہا کہ آج کا یہ پروگرام صوبائی سیکرٹریٹ کے افتتاح کے حوالے سے ہے ، اس لئے میں جمعیت علما اسلام گلگت بلتستان کے امیر اور صوبائی جنرل سیکریٹری اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی سیکرٹریٹ کارکنوں کے رابطہ کاری کے لئے ہوتا ہے اس لئے صوبائی کو چاہئے کہ اس میں اپنا بنیادی کردار ادا کریں ۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کی سرپرستی علما کے پاس ہے لہذا یہ جماعت اسلامی کاز کی بھی ذمہ دار ہے اور عوامی مسائل کو حل کی بھی ذمہ دار ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح ادارے تنخواہ لے کر ملک کے مفاد کے ذمہ دار ہیں اسی طرح جمعیت علما اسلام بغیر تنخواہیں لئے ملک کی وفادار ہے لہذا اداروں کو بھی سمجھنا چاہئے کہ وہ جمعیت علما اسلام کی مخالفت کے بجائے جمعیت علما اسلام کے راستوں میں حائل ریکاوٹیں دور کریں ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ جمعیت کی مخالفت کرتے ہیں ان کو توبہ پڑھ کر دوبارہ جماعت کے ساتھ جوڑ جائیں اور جو الیکشن میں ٹکٹ کے خواہشمند ہیں وہ صوبائی امیر اور جنرل سیکرٹری کے ذریعے پراسس کا حصہ بنے ۔انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کے ذمہ داران آج سے آنے والے الیکشن کے لئے منصوبہ بندی کریں اور اپنے اپنے حلقوں سے مضبوط امیدوار اتاریں تو انشا اللہ آنے والا وقت جمعیت علما اسلام کا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جمعیت علما اسلام تمام طبقوں کی جماعت ہے لہذا کسی مسلک کو انگلی اٹھانے کی ضرورت نہیں ، تمام مسالک کی نمائندہ جماعت جمعیت علما اسلام ہی ہے۔