الیکشن مئی 2026ءسے پہلے نظر نہیں آتے، امجد زیدی

سکردو(محمد اسحاق جلال)صوبائی وزیر تعمیرات عامہ سید امجد زیدی نے کہاہے کہ صوبائی اسمبلی کی مدت 20 نومبر 2025 کو پوری ہوگی اس کے بعد نگراں حکومت قائم ہوگی اس طرح یہاں الیکشن مئی /جون 2026 سے قبل نظر نہیں آتے ہیں وقت سے پہلے اسمبلی تحلیل کرنے کی کوئی وجہ ہی نہیں ہے پھر بھی زبردستی اسمبلی تحلیل کرنے کی کوشش کی گئی تو ردعمل سنگین ہوگا ردعمل کیا ہوگا وہ اسی وقت پتہ چلے گا حکومت اور اپوزیشن دونوں کی خواہش ہے کہ اسمبلی کو اپنی آئینی مدت پوری کرنے دی جائے قبل از وقت اسمبلی تحلیل کرنے سے غلط روایت پڑے گی کے پی این کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہمیں عوام نے پانچ سال کیلئے منتخب کیا ہے، بیس نومبر 2025 کو اس اسمبلی کی پانچ سالہ مدت پوری ہوگی اس سے قبل اسمبلی تحلیل کرنے کا کوئی قانونی اور آئینی جواز ہی نہیں ہے ہمیں نہیں معلوم کہ ایسی غیر جمہوری اور غیر سیاسی سوچ اور خواہش کون رکھتا ہے؟ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ابھی اس وقت خطے میں بے یقینی کی صورت حال ہے کوئی چیز واضح نہیں ہے جب بے یقینی کے بادل چھٹ جائیں گے تو اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں فیصلہ کروں گا مجھے پی ٹی آئی سے کسی نے نکالا ہے اور نہ ہی میں خود مستعفی ہوا ہوں، پی ٹی آئی قیادت نے نئے قائد ایوان کے انتخاب کے وقت ووٹنگ کے معاملے پر مجھے ایک شوکاز نوٹس بھیجا تھا جس پر میں نے اپنا جواب جمع کرایا ہے کچھ دوستوں کو شوکاز کے بعد فارغ کردیا گیا مجھے فارغ نہیں کیا گیا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی مذہبی جماعتوں کی طرف سے آفرز آرہی ہیں مگر میں نے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ میری پسندیدہ جماعت کونسی ہے پی ٹی آئی نے علاقے میں بڑے اچھے تعمیر و ترقی کے کام کئے مگر ایک شکوہ ہے کہ میری اپنی جماعت ہی میرے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی اور مجھے سپیکر شپ سے آﺅٹ کردیا انہوں نے کہاکہ ہمارا تعلق گلگت بلتستان سے ہے اور ہمارا تعلق صرف اپنے علاقے کی حدتک ہے ہمارا کراچی یا اسلام آباد میں جاکر شور شرابہ کرنا بنتا نہیں ہے شیلنگ یا فائرنگ ہمارے لوگوں پر نہیں ہوئی شہلا رضا نے کس بنیاد پر ہمارے حوالے سے ریمارکس پاس کئے وہ رب جانتا ہے دوسرا شہلا رضا ہی بہتر بتا سکتی ہیں کہ انہوں نے یہ کیسے کہہ دیا کہ کراچی دھرنے میں موجود لوگوں کا تعلق گلگت اور بلتستان سے تھا اور وہ لوگ شر پھیلا رہے تھے ان کے بیان پر میں کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہوں گا۔