سکردو(چیف رپورٹر)صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد کاظم میثم نے کہاہے کہ بلتستان ریجن کے لئے گیم چینجر پروجیکٹ گوریکوٹ شغرتھنگ روڈ کا ٹینڈر طلب کرلیا گیا ہے۔یہ منصوبہ معاشی، سیاحتی اور تزویراتی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔اس منصوبے پر مارچ تک باضابطہ کام کا آغاز ہوگا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ شغرتھنگ سکیم کو رکھنے پر سابق وزیراعلی خالد خورشید کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ چیف سیکرٹری گلگت بلتستان کے کردار کو بھی داد تحسین پیش کرتے ہیں انہوں نے اپنی تیئں پراجیکٹ کو میچور کرانے کیلئے کوششیں کیں ،مرکز انجمن امامیہ، تمام مکاتب فکر کے مراکز،تمام علمائے کرام جنہوں نے اجتماعات میں آواز بلندکی،سوشل ایکٹویسٹ، ایکشن کمیٹیز، انجمن تاجران، تمام تنظیموں کے ساتھ اس میں مثبت کردار ادا کرنے والے تمام احباب کا شکریہ ادا کرتے ہیں کیوں کہ سب کی کاوشوں کی بدولت آج بڑی شاہراہ کی تعمیر کی امید پیدا ہوگئی ہے۔ منصوبے پر مجموعی طور پر ساڑھے بارہ ارب روپے خرچ ہونگے، پہلے فیز میں کلوٹس کازویز راگ کٹنگ اور پل وغیرہ بنیں گے پہلے فیز کے کام پر ساڑھے پانچ ارب روپے خرچ ہونگے دوسرے فیز میں تارکول اور دیگر کام ہونگے سات ارب روپے دوسرے فیز کیلئے جاری ہونگے۔ شغرتھنگ شاہراہ کی تعمیر سے سکردو سے استور ڈیڑھ گھنٹے میں لوگ آ جا سکیں گے مسافت بہت قلیل ہوگی دونوں خطوں میں تعلقات جدید خطوط پر استوار ہونگے، تجارتی روابط بڑھیں گے، سیاحت کو فروغ ملے گا تعمیر و ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی
