سکردو(محمد اسحاق جلال)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق رکن اسمبلی کیپٹن(ر)سکندر علی نے انکشاف کیا ہے کہ گلاف ٹو پراجیکٹ میں چھ ارب روپے کی کرپشن ہوئی ہے مگر چھ ارب روپے سے ہاتھ صاف کرنے والوں سے پوچھا نہیں جارہا ہے ہم نے کئی مرتبہ کرپشن کی نشاندہی کی اور تحقیقات کا مطالبہ کیا یادگار چوک پر تقاریر ہوئیں مگر اب تک ذمہ داروں سے باز پرس نہیں کی گئی۔ تحقیقات کیوں نہیں ہوئیں؟ کون کونسے عناصر کرپشن میں ملوث ہیں ؟ سب کو سامنے لایا جائے۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کیلئے جاری ہونے والے چھ ارب روپے کہاں گئے کسی کو کچھ نہیں پتہ، گلیشیئرز تیزی سے پگھل رہے، مگر متعلقہ ادارہ لمبی تان کر سو گیا ہے بتایا جائے کہ اس قدر مجرمانہ خاموشی کی آخر وجہ کیا ہے ؟ ڈیلی کے ٹوسے بات چیت کرتے ہوئے کیپٹن (ر)سکندر علی نے کہاکہ ہم کرپشن کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے چوروں کا پیچھا کرنا ہوگا ورنہ یہ ہماری قوم کو کھا جائیں گے، کرپٹ عناصر کا محاسبہ بہت ضروری ہے گلاف ٹو پراجیکٹ کا بنیادی کام یہاں موسمیاتی تبدیلیوں سے علاقے کو پہنچنے والے نقصانات کے تدراک کیلئے کام کرنا ہے مگر چھ ارب روپے غبن ہوئے ہیں یہ کوئی معمولی بات نہیں ہے۔ ذمہ داروں کو کٹہرے میں لاکر لوٹی گئی رقم قومی خزانے میں جمع کرانا ہوگی انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعلی خالد خورشید نڈر لیڈر ہیں انہوں نے برے وقت میں بھی تحریک انصاف کا ساتھ نہیں چھوڑا مجھے ان کا یہی عمل سب سے زیادہ پسند آیا۔ ان کے خلاف فیصلہ سیاسی انتقام ہے تحریک انصاف پر بہت بڑاظلم ہوا اس جماعت کی مظلومیت کی وجہ سے میں نے اس پارٹی میں شمولیت اختیار کی کیونکہ ہم نے ہمیشہ مظلوموں کا ساتھ دیا ہے ظالموں کا کبھی ساتھ نہیں دیا انہوں نے کہاکہ صوبائی اسمبلی کے الیکشن گرمیوں کے سیزن میں ہونے چاہئیں جون جولائی الیکشن کیلئے بہترین موسم ہے تاکہ دور افتادہ علاقوں میں بھی سیاسی سرگرمیوں کو جاری رکھا جاسکے، انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کا مستقبل بہت شاندار ہے صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن ہوئے تو یہاں ہماری حکومت قائم ہوگی، امید ہے کہ الیکشن میں مداخلت نہیں ہوگی، انہوں نے کہاکہ کراچی میں پارا چنار کی صورتحال پر دئیے گئے دھرنے پر شیلنگ اور فائرنگ قابل افسوس واقعہ ہے۔ اس واقعے کی ہم بھرپور مذمت کرتے ہیں شہلا رضا کو اپنا بیان واپس لینا چاہیئے کیونکہ ہم شرپسند ہیں اور نہ ہی دہشت گرد ہم دہشت گردی کا شکار رہے ہیں مگر کبھی کسی کی جان نہیں لی مگر آج پیپلز پارٹی کی قیادت ہمیں ہی دہشت گرد کہہ رہی ہے، انہوں نے کہاکہ پارٹی چھوڑنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں ہے ہم برے وقت میں تحریک انصاف میں آئے ہیں یہ غلط بات ہے کہ الیکشن کے قریب سیاسی وفاداریاں تبدیل کی جائیں۔
