گلگت(سٹاف رپورٹر)گلگت بلتستان میں گلاف ٹو پراجیکٹ کے تحت مختلف سرکاری اداروں میں تعینات سو کے قریب ملازمین ملازمت سے فارغ کر دیئے گئے ہیں ذرائع کے مطابق گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلی اور گلیشیائی جھیلوں کے پگھلنے کے خطرات سے نمٹنے کے لئے اقوام متحدہ اور حکومت پاکستان کے اشتراک سے جاری گلاف ٹو پراجیکٹ اختتامی مرحلے میں داخل ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق 37 ملین ڈالر کی لاگت کے اس منصوبے کا اجرا سات سال قبل کیا گیا تھا جس کے تحت گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں گلیشئرز پگھلنے کے خطرے سے چوبیس وادیوں میں مختلف نوعیت کے منصوبوں پر کام کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جبکہ ان منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام میں عارضی بنیادوں پر سو کے قریب ملازمین بھرتی کئے گئے تھے جنہیں دسمبر کے آخر سے ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق گلاف ٹو پراجیکٹ نئے سال میں کچھ محدود وسائل کے ساتھ جاری رہے گا جس میں نامکمل منصوبوں پر کام اور ارلی وارننگ سسٹم کو فنکشنل کرنے پر کام کیا جائیگا۔
