اسلام آباد (این این آئی)گلگت بلتستان حکومت نے خنجراب کے ذریعے چین کیلئے نیٹکو کے نئے کوسٹرز کے سروس کا افتتاح کر دیا،کوسٹر سروس ناردرن ایریاز ٹرانسپورٹ کارپوریشن آرگنائزیشن (نیٹکو)کے تحت اسلام آباد اور گلگت بلتستان سے چین کے شہروں تاشغرقان اور کاشغر کیلئے چلائی جائیں گی۔منگل کو وزیراعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے نیٹکو کیزونل آفس کے دورے کے موقع پر چین کیلئے نیٹکو کے جدید کوسٹر سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا کہ نیٹکو ہمارا اپناادارہ ہے،جو گلگت بلتستان کے عوام کیلئے سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہے،چین کیلئے جدید کوسٹرز کو بیڑے میں شامل کرنے سے دونوں ملکوں کے لوگوں بالخصوص تاجروں کو سہولیات میسر آئیں گی،نیٹکو پچاس سالوں سے گلگت بلتستان میں لوگوں کو بین الصوبائی اور بین الاضلاعی سفری سہولیات فراہم کر رہی ہے،جدید کوسٹرز کو شامل کرنے سے ملک کے شہریوں کو خنجراب باڈر کے ذریعے چین کا کا سفر کرنے میں آسانی ہو گی،نیٹکو کو اپنے ریونیو میں اضافے کیلئے اقدامات جاری رکھنے ہوں گے۔وزیر اعلی گلگت بلتستان کا کہنا تھا کہ نیٹکو گلگت بلتستان کے لوگوں کو سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے مزید اقدامات اٹھائے تاکہ لوگوں کا اعتماد برقرار رہ سکے،اسلام اباد سے گلگت بلتستان کے مختلف شہروں تک آرام وطعام گاہوں کے قیام کیلئے بھی غور و خوص کرے تاکہ عوام کو کم وقت میں معیاری سفر ی سہولیات میسر آسکیں،جس کیلئے نیٹکو دیگر اداروں کیساتھ ایم او یو کر سکتے ہیں،اس سے ادارہ کے مالی مسائل بھی حل ہوں گے۔حاجی گلبر خان کا کہنا تھا کہ نیٹکو کے نظام کو جدید کرنے سے لوگوں کیلئے آسانی ہو گی،گلگت بلتستان حکومت نیٹکو کیساتھ ہرممکن تعاون کرے گی،پاک چین روٹ پر جدید کوسٹرز کے شامل ہونے سے دونوں ملکوں کے عوام میں تعلقات مزید گہرے ہونگے۔منیجنگ ڈائریکٹر ناردرن ایریاز ٹرانسپورٹ کارپوریشن آرگنائزیشن(نیٹکو)عزیز احمد جمالی نے کہا کہ ابتدائی طور پر چار جدید کوسٹرز کو پاک چائنا روٹ پر چلائے جائیں گے،چینی ادارہ کیساتھ ہونیوالے معاہدے کے تحت کوسٹرز کو چلائے جا رہے ہیں،جہاں تک چینی حکومت ہمیں اجازت دیگی ہم وہاں تک چلائیں گے،اس سے پہلے چھوٹی گاڑیاں چلائی جا رہی تھیں،جس پر چینی حکومت نے پابند عائد کر دی ہے،نئے سال کے آغاز سے جدید کوسٹرز کے سفر کا آغاز ہو گا،نیٹکو کو مالی طور پر خودمختار بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں،مختصر عرصے کے دوران نیٹکو کو بزنس موڈ کی طرف لانے کی کوشش کی گئی ہے۔عزیز احمد جمالی کا کہنا تھا کہ نیٹکو کو بزنس کرنے سے کوئی نہیں روکتا تاہم ادارہ کی بنیادی ترجیح گلگت بلتستان کے لوگوں کو سفری سہولیات کی فراہمی ہے،نیٹکو کی ٹرانسپورٹ گلگت بلتستان سے اسلام،اسلام آباد تا کراچی اور لاہور کیلئے چل رہی ہیں،اس کے علاوہ گلگت بلتستان کے اندر بھی مختلف اضلاع کے درمیان نیٹکو کی بسز،ہائیکس کی سروس موجود ہیں جس سے گلگت بلتستان کے لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیٹکو کی اسلام آباد میں ڈھائی ارب کی پراپرٹیز موجود ہیں،جس کے کمرشل استعمال کے بارے میں سوچا جا رہا ہے،نیٹکو کی ملکیت مختلف شہروں میں چھ پیٹرول پمپس موجود ہیں،سکردو میں بھی پیٹرول پمپس کھولنے کیلئے کام جاری ہے،نیٹکو کے تمام نظام کو آن لائن کیا گیا ہے،اب لوگوں کو ٹکٹ لینے کیلئے قطار میں کھڑا ہونے یا نیٹکو افسز کے چکر کاٹنے نہیں پڑیں گے،وہ گھر بیٹھے آن لائن ٹکٹ خرید سکیں گے،جس پر پانچ فیصد رعایت بھی دی جائے گی ۔
