سکردو،اڑھائی سو بیڈ ہسپتال کو جون تک فعال کرنے کی ہدایت

سکردو (محمد علی عالم)سیکرٹری ہیلتھ گلگت بلتستان اصف اللہ نے سکردو میں زیر تعمیر 250 بیڈڈ ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلتستان ریجن ڈاکٹر اشرف حسین کریمی، پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر رضوان علی، اور ریزیڈنس انجینئر حسنین نے سیکرٹری ہیلتھ کا استقبال کیا۔پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر رضوان علی اور ریزیڈنس انجینئر حسنین نے سیکرٹری ہیلتھ کو ہسپتال کے تمام منصوبوں اور جاری تعمیراتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس بریفنگ میں ہسپتال کے مختلف سیکشنز، سہولیات، اور جدید طبی آلات کی تنصیب کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ سیکرٹری ہیلتھ نے زیر تعمیر عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔سیکرٹری ہیلتھ اصف اللہ نے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور ٹھیکیدار کو سختی سے ہدایت دی کہ جون 2025 تک تمام سول ورک کو مکمل کر کے ہسپتال کو فعال کیا جائے۔ انہوں نے طبی آلات اور مشینری کی خریداری کے حوالے سے بھی اہم ہدایات جاری کیں۔ سیکرٹری ہیلتھ نے کارڈیک ہسپتال گلگت کے طرز پر ایک کمیٹی بنا کر ہسپتال کی تمام ضروری آلات اور مشینری کو چھ سے آٹھ ماہ کے اندر ہنگامی بنیادوں پر خریدنے کی یقین دہانی کی گئی بعد ازاں، سیکرٹری ہیلتھ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ منصوبہ بلتستان کے عوام کے لئے صحت کی جدید سہولیات کی فراہمی میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی تعاون کے ساتھ منصوبے کی تکمیل کو یقینی بنانے کی تاکید کی تاکہ عوام جلد از جلد ان سہولیات سے مستفید ہو سکیں۔سیکرٹری اصف اللہ کا کہنا ہے کہ ان کی اولین ترجیح صحت کے شعبے میں مزید جدت لانا اور دور دراز علاقوں کے عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صحت کے شعبے کو جدید اور فعال بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔