سینچورین ٹیسٹ؛ جنوبی افریقا کی ٹیم پاکستان کیخلاف پہلی اننگز میں 301 رنز بناکر آؤٹ

پاکستان کیخلاف پہلی اننگز میں جنوبی افریقا کی ٹیم 73.4 اوورز میں 301 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، پروٹیز کو گرین شرٹس پر 90 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔


دوسرا روز

سینچورین میں میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز جنوبی افریقا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تھا۔

جنوبی افریقا کی دوسرے روز پہلی وکٹ 48 رنز کے اضافے کے بعد ملی جب ٹمبا باوما 31 رنز بناکر پویلین لوٹے، بعدازاں 178 کے مجموعی اسکور پر ڈیوڈ بیڈنگھم 30 اور پھر 188 رنز پر کائل ویرین 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقی اوپنر ایڈن مارکرم 89 رنز، مارکو جانسن 2، کاگیسو ربادا 13 اور ڈین پیٹرسن 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کاربن بوش 81 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور خرم شہزاد نے 3،3 ، عامر جمال نے 2 اور محمد عباس اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلا روز

ٹیسٹ میچ کا محتاط انداز میں آغاز کرنے کے باوجود پاکستانی بیٹنگ لائن جنوبی افریقی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 211 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے کامران غلام 54 رنز بنا کرنمایاں رہے، عامر جمال 28، محمد رضوان 27، کپتان 17، سعود شکیل 14، صائم ایوب 14، خرم شہزاد 11، بابر اعظم 4 اور نسیم شاہ 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد عباس 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ڈین پیٹرسن نے 5، کوربن بوش نے 4 اور مارکو جینسن نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دن کے اختتام تک جنوبی افریقا نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز بنا لیے۔ ٹرسٹن اسٹبز 9، رائن رکلٹن 8 اور ٹونی ڈی زورزی 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔