گلگت میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بیس گھنٹے، معمولات زندگی متاثر

گلگت (سٹاف رپورٹر) گلگت میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ طویل ہوگیا۔ 24 گھنٹوں میں عوام کے لئے 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی ہے جس کی وجہ گھریلو امور کے ساتھ دفتری امور بھی بری طرح متاثر ہوگئے ہیں۔ لوڈشیڈنگ کے دوران 4 جی انٹرنیٹ کے سگنلز بھی بند ہوجاتے ہیں بجلی کی بندش کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے جاتے ہیں عوام کا کہنا ہے وزیر اعلی نے جب سے کارگاہ 6 میگاواٹ بجلی گھر کا افتتاح کیا ہے تب سے بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا ہے جو کہ سوالیہ نشان ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ شدید سردی میں صبح اور شام کے اوقات میں صرف دو دو گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی جو کہ اکثر اوقات تیکنیکی خرابیوں کی وجہ سے صرف اور صرف ایک سے ڈیڑھ گھنٹے تک محیط ہوتی ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ محکمہ برقیات کو سالانہ مرمت کی مد میں کروڈوں روپے فراہم کئے جاتے ہیں اور سردیوں میں بجلی کی شدید ترین لوڈشیڈنگ میں برقیات کے محکمے کی کارکردگی کا پتہ چلتا ہے۔ عوام نے وزیر اعلی اور چیف سیکریٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ روزانہ شام کو 6 سے 10 بجے تک بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جائے