داریل کے نوجوان سازش اور غلط فہمی کا شکار نہ ہوں، ترجمان وزیراعلیٰ

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) داریل اسٹوڈنٹس نیٹ ورک راولپنڈی اسلام آباد کے عہدیداروں پر مشتمل نمائندہ وفد نے ترجمان برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان فیض اللہ فراق سے گلگت بلتستان ہاس میں تفصیلی ملاقات کی ۔ دوران ملاقات طلبہ کیلئے درپیش مسائل سمیت گلگت بلتستان کے تعلیمی امور زیر بحث آئے ۔ فیض اللہ فراق نے طلبا پر زور دیا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ حصول علم پر مرکوز رکھتے ہوئے امید و جستجو کے ساتھ آگے بڑھیں ۔ داریل کا ماضی علمی اعتبار سے درخشاں تھا ، آپ علمی ورثے کے مالک ہیں لیکن آج کے داریل میں علم و تحقیق کا رنگ بھرنے کیلئے مزید محنت درکار ہے ، ترجمان نے کہا کہ طلبا کیلئے کیرئیر کونسلنگ اور تربیتی اجتماعات کی ضرورت ہے اور اس نیک و مثبت عمل کیلئے ہم آپ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے ۔ موجودہ دور جدید ٹیکنالوجی کا ہے ،دنیا ایک ڈیوائس میں آکر بند ہے ایسے میں طلبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی آگے بڑھیں ، داریل کی نوجوان نسل  اپنی روایات کی پاسداری ، نظریہ پاکستان ، اسلام اور اپنے محافظوں کے حوالے کسی بھی سازش اور غلط فہمی کا شکار نہ ہو جائیں ، مزکورہ تین بنیادیں آپکو درست سمتوں پر گامزن کر سکتی ہیں ، ترجمان نے کہا تخلیقی اور تنقیدی دماغ بھی سماج کیلئے ضروری ہے ، آپ ضرور تنقید کریں مگر صحت مند تنقید کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائیں تاکہ کوئی طاقت آپکی صلاحیتوں کا غلط استعمال کرنے میں کامیاب نہ ہو ۔