لاہور(پ ر)ترجمان برائے وزیر اعلی گلگت بلتستان فیض اللہ فراق نے پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعلیم گلگت بلتستان اسٹوڈنٹس کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ سالانہ کلچرل ڈے کی رنگارنگ کنونشن میں شرکت کی جس میں ہزاروں طلبہ و طالبات اور نوجوانوں نے شرکت کی ۔ کنونشن میں پشتون طلبہ ، بلوچ طلبہ و دیگر کے نمائندہ وفود نے بھی شرکت کی ۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے فیض اللہ فراق نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان اپنے طلبا اور نوجوانوں کی پشت پر کھڑی ہے ، ہماری نوجوان نسل بیپناہ صلاحیتوں کی مالک ہے ، ضرورت اس بات کی ہے کہ نوجوان اپنے استعداد کو مثبت سوچ ، جہد مسلسل اور عاجزی کا لباس پہنا دیں ، ہماری بیٹیوں نے دنیا کی بلند ترین چوٹی پر پاکستان کا پرچم لہرایا ہے ، ہمارے لالک جان سینے پر گولی کھا کر وفا اور دلیری کے انمٹ نقوش چھوڑ گئے ہیں ، ہمارے جی ایم سکندر نے پنجاب بیوروکریسی کو چلایا ہے ، ہمارے افضل علی شگری نے سندھ پولیس کی رہنمائی کی ہے ہمارے ہدایت الرحمن نے افغان سرحد پر پہرہ دیا ہے ، ہمارے کرنل حسن خان ، شاہ خان ، صفی اللہ بیگ اور بابر خان نے ڈوگرہ کی تسلط سے آزاد لیتے وقت بریگیڈر گھنسارا سنگھ کو بھگایا ہے ، ہمارے شعرا ، ادیب اور فنکاروں نے اپنی ثقافتوں کو زندہ رکھا ہے ۔ ترجمان نے واضح کیا کہ آج کے حالات بھی پہلے سے اتنے مختلف نہیں ہیں ، عالمی سطح پر گلگت بلتستان کی اہمیت 1947 سے قبل بھی اہم تھی اور آج بھی منفرد ہے ، گلگت بلتستان کی نوجوان نسل کے کاندھوں پر بھاری زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ علم و شعور ، وفا دلیری اور امن و ہم آہنگی کے ساتھ آگے بڑھیں کل کا خوبصورت اور باوقار گلگت بلتستان و پاکستان آپکی صلاحیتوں کا منتظر ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ اجکل جو اخلاق و شناخت کے بحران کا ہمیں سامنا ہے اس سے نکلنے کا آسان حل یہ ہے ملک میں تمام قومیتوں کا احترام برقرار ہو لیکن سب سے زیادہ احترام بڑی شناخت کی ہونی چاہئے اور یہ بڑی شناخت " پاکستان ہے "۔ اس میں دو رائے نہیں کہ پشتون ، بلوچ ، پنجابی ،سندھی ، گلگتی و بلتی قوموں کی تاریخ ہزاروں سال پرانی ہے لیکن ہم نے ملکر 77 برس قبل نظریے کی بنیاد پر جو ملک تعمیر کیا تھا وہ ہی ہماری معتبر شناخت ہے ، ہمیں اپنی اپنی شناخت کا احترام کرتے ہوئے چھوٹی چھوٹی شناخت پر پاکستان کو مقدم رکھنا چاہئے، کیونکہ ملک ہے تو ہم سب ہیں ورنہ دنیا ہمیں کھا جائے گی ، دنیا میں جتنے دشمن پاکستان کے ہیں وہ کسی کے نہیں ہیں ، شناخت کے بحران کا خاتمہ ناگزیر ہے تاکہ نوجوان درست سمت میں ملک کیلئے اپنی صلاحیتوں کو خرچ کر سکیں ۔
