دوسری شادی کیلئے والدین کا کوئی دباﺅ نہیں،سائرہ یوسف

 معروف اداکارہ و ماڈل سائرہ یوسف نے کہا ہے کہ مجھ پر دوسری شادی کیلئے والدین کا کوئی دباﺅ نہیں ہے کیونکہ اب وہ سمجھ گئے ہیں کہ نئی زندگی شروع کرنا آسان نہیں ہوتا۔ ایک انٹرویو میں سائرہ یوسف نے بتایا کہ حال ہی میں ہمارے ملک میں طلاق کی شرح بڑھی ہے تو میرا خیال ہے کہ اب ہمارے بڑے اور کم سے کم میرے والدین تو اس بات کو قبول کر چکے ہیں کہ انسان کے لیے ایک رشتہ ختم کرنے کے فوراً بعد نئی زندگی شروع کرنا آسان نہیں ہوتا تو مجھ پر دوسری شادی کرنے کا کوئی دباﺅ نہیں ہے۔اداکارہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ معاشرے کی طرف سے خواتین پر دوسری شادی کرنے کا دباو اب بھی اس لیے ڈالا جاتا ہے کیونکہ ہمارے معاشرے میں عورت کی زندگی میں مرد کی موجودگی کی اہمیت بھی بہت زیادہ ہے۔سائرہ یوسف نے کہا کہ میرے خیال میں شادی کرنے کا فیصلہ تب کرنا چاہیے جب انسان خود مختار ہو، جب وہ ذہنی و جذباتی طور پر شادی کرنے کے لیے تیار نہیں تو پھر بعد میں بہت مسئلے ہوتے ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ فی الحال میں اپنی زندگی میں بہت خوش ہوں اس لیے میں نے دوسری شادی کرنے کے بارے میں نہیں سوچا۔