چلاس(بیورورپورٹ) صوبائی امیر جمعیت علما اسلام گلگت بلتستان مفتی ولی الرحمان نے تحصیل گوہرآباد میں سیاسی پاور شو کا مظاہرہ کیا۔تحصیل بھر سے سینکڑوں عوام اور دو سو سے زائد علما نے کنونشن میں شرکت کرکے مفتی ولی الرحمان پر اعتماد کا اظہار کیا۔تفصیلات کے مطابق جمعیت علما اسلام کے زیر اہتمام ضلعی امیر قاری قاسم کی زیر سرپرستی منعقد ہونے والی اس تعارفی نشست میں ضلع بھر سے جید علما کرام نے خطاب کیا اور جمعیت علما السلام کا منشور اور مقصد بیان کیا۔کنونشن کے مہمان خصوصی صوبائی امیر جمعیت علما اسلام مفتی ولی الرحمان تھے اور میر محفل مولانا عبد العزیز تھے۔تعارفی نشست سے صوبائی امیر جمعیت علما اسلام گلگت بلتستان و امید وار جی بی اسمبلی حلقہ نمبر 1مفتی ولی الرحمان نے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں جمعیت علما اسلام کو ازسر نو مستحکم اور مضبوط بنائیں گے۔دیامر کے چاروں حلقوں سے جمعیت کے ٹکٹ پر امیدوار کھڑے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ خدا کی زمین پر خدا کا نظام ہمارا منشور ہے علما جمعیت کا بازو بنیں گلگت بلتستان سے کرپشن،اقربا پروری اور سود کا خاتمہ کریں گے۔مفتی ولی الرحمان نے مزید کہا کہ علما سیاسی میدان میں آئیں اور موجودہ چیلنجز کا مقابلہ کریں علما کا سیاست میں بڑا رول ہونا چاہے لیکن بدقسمتی سے ہم نے یہ میدان چوروں اور ڈاکوں کے حوالے کیا ہوا ہے۔تمام تر تعصبات،علاقائیت لسانیت سے بالاتر ہو کر دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا اوڑھنا اور بچھونا بنائیں۔انہوں نے کہا کہ علما کو سیاست سے دور رہنے کے مشورے دینے والے احمق ہیں سیاست اصل میں علما کا کام ہے اور یہ کام اب ہم ہی کریں گے۔کنونشن سے امیر جمعیت ہربن بھاشہ مولانا عبد العزیز نے کہا کہ قومی ،سیاسی اور ملی خدمات کیلئے جمعیت کے پلیٹ فارم پر جدو جہد کیلئے علما ایک ہو جائیں، موجودہ دور میں مولانا فضل الرحمان کا دست بازو بن کر دین اور اسلام کا تحفظ کیا جائے۔کنوینشن سے صوبائی جنرل سیکریٹری بشیر احمد،مولانا عبدالروف،مولانا عنایت اللہ میر،قاری قاسم،مولانا رستم،مولانا عثمان،مولانا فیض الرحمن و دیگر نے بھی خطاب کیا اور جمعیت کا منشور عوام اور علما کے سامنے رکھتے ہوئے ہر گھر میں جمعیت کا پیغام پہنچانے کا عزم ظاہر کیا۔کنوینشن کے اختتام پر ملک کی بقا،سلامتی اور خودمختاری کیلئے دعا بھی کی گئی۔
