گلگت(ثاقب عمر) وزیر قانون غلام محمد نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں مئی 2025 میں بلدیاتی انتخابات ہوں گے جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اس کے علاہ لینڈ ریفارمز پر رات دن کام ہورہا ہے عوامی ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے لینڈ ریفامز کمیٹی سفارشات مرتب کررہی ہے۔ کے پی این سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات نہ ہونے سے محلہ جاتی و دیہی سطح پر مسائل کے انبار لگ گئے ہیں بلدیاتی انتخابات سے اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہونگے جس سے عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوسکیں گے کیونکہ محلے، ڈسٹرکٹ اور یونین کونسل کے بنیادی مسائل کا علم بلدیاتی نمائندوں کو ہی ہوتا ہے اور وہ ان مسائل کے حل کے لئے کام کرسکتے ہیں انھوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں کے آنے سے جو بجٹ عوام کے لئے ملتا ہے وہ عوام پر ہی خرچ ہوگا ہماری پوری کوشش ہے کہ آمدہ سال مئی میں بلدیاتی انتخابات کرائیں اس کے لئے ہماری مکمل تیاری ہے عوام بھی بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے خوش ہیں، ہماری سیاست کا مقصد ہے عوام کی خواہشات کے مطابق اقدامات کرنا اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لینڈ ریفامز کمیٹی نے ہر سٹیک ہولڈر اور ہر ایک موضع کے ذمہ داران سے ملکر ہی کام کرنا ہے لینڈ ریفامز عوام کے لئے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ لینڈ ریفامز سے عوام کو فوائد حاصل ہوں اس سلسلے میں جو بھی تحفظات ہیں ان سب کو ہم دور کررہے ہیں اور دن رات کام کررہے ہیں تاکہ کوئی خامی باقی نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ زمینوں کا مسئلہ حل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں زمینیں عوام کے کام آئیں اور گلگت بلتستان کے عوام اپنی زمینوں کے مالک بنیں ہماری پوری کوشش ہے کہ ہم لینڈ ریفامز پرہر ممکن حد تک عوام کو اعتماد لیں ،وزیرقانون نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کا احترام کرتے ہوئے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائینگے۔
