خپلو (زوالفقار علی صدیقی) نیٹکو نے ضلعی ہیڈکوارٹر خپلو شہر سے سب ڈویژن چھوربٹ کیلئے روزانہ ویگن سروس کا آغاز کردیا۔ سینئر وزیر بلدیات حاجی عبدالحمید نے فیتہ کاٹ کر سروس کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ ایک ہائی ایس ویگن روزانہ صبح چھوربٹ کے آخری گاﺅں فرانو سے خپلو کیلئے روانہ ہوگی، راستے میں موجود تمام موضوعات سے سواریوں کو لے کر خپلو پہنچے گی۔ نیٹکو حکام کا کہنا تھا کہ چھوربٹ کے عوام کی سفری مشکلات کو دیکھتے ہوئے اس سروس کا آغاز کیا ہے لہذا عوام ہمارے سے ساتھ تعاون کریں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ چھوربٹ کیلئے ہم مزید دو گاڑیوں کے لیے کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خپلو تا پنڈی کیلئے ایک ہفتہ میں ایک نئی کوسٹر آرہی ہے لیکن یہ بھی ناکافی ہوگی۔ میں ایک بس کیلئے کوشش کررہا ہوں۔کیونکہ ہمارے پاس پیسنجر بہت زیادہ ہے اور گاڑیاں بہت کم ہیں۔ مناسب کرایے میں نیٹکو بہترین سروس فراہم کررہا ہے۔ اس طرف ہمیں توجہ دینے میں تھوڑی دیر ہوئی ہے عوام امید رکھیں اب ہر ممکن کوشش کرکے عوام کو سفری سہولیات فراہم کریں گے۔
