گلگت ،جان بچانے والی ادویات کی قلت پیدا ہوگئی

گلگت(سٹاف رپورٹر)گلگت بلتستان کے صوبائی ہیڈ کوارٹر ہسپتال گلگت میں جان بچانے والی ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے ایمرجنسی میں جان بچانے والی ادویات نہیں ہیں سیکرٹری صحت کے واضح احکامات کے باوجود بھی پی ایچ کیو ہسپتال کے ایمرجنسی اور وارڈز میں جان بچانے والی ادویات کی شدید کمی ہے۔ غریب عوام لاکھوں روپے کی ادویات بازار سے خریدنے پر مجبور ر ہیں گلگت کے عوامی و سماجی حلقوں نے کہا ہے کہ آسمان سے باتیں کرتی ہوئی اس مہنگائی میں غریب عوام دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں ایسے میں جان بچانے والی ادویات غریبوں کے لئے جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔ ہسپتال میں ایمرجنسی اوقات میں کینولا اور بخار چیک کرنے کے لئے تھرمامیٹر تک دستیاب نہیں ہوتا ہے۔ عوامی و سماجی حلقوں نے وزیر اعلی' چیف سیکرٹری اور سیکرٹری صحت سے اپیل کی ہے کہ پی ایچ کیو ہسپتال کے حالت زار پر رحم کھاتے ہوئے بنیادی مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دیں جان بچانے والی ادویات کی ہر وقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور صحت کارڈ کو جلد از جلد بحال کیا جائے تاکہ غریب مریضوں کو علاج معالجے کا آسرا مل سکے