گلگت(پ ر)صوبائی وزیر داخلہ گلگت بلتستان شمس لون نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ علماے کرام امن بھائی چارگی اور اتحاد و اتفاق کا درس دیں۔گلگت بلتستان کا حقیقی حسن یہاں کے امن اور ایک دوسرے کے عقائد کے احترام میں ہے۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے تمام مسالک کے علماے کرام کا امن کے حوالے سے ہمیشہ مثبت اور کلیدی کردار رہا ہے۔علماے کرام گلگت بلتستان کی حساسیت کو سمجھتے ہوے غیر ذمہ دارانہ اور تعصبانہ بیانات دینے سے گریز کریں ، بلا کسی وجہ اوربغیر مقصد کے عوام میں ابہام نہ پھیلایاجائے۔صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح گلگت بلتستان کا امن ہے یہاں کسی کو بھی امن کے ساتھ کھلواڑ کرنے نہیں دینگے۔حکومت امن کے حوالے سے کوئی بھی سمجھوتا نہیں کریگی اور امن و امان کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔گلگت بلتستان حکومت ،ریاستی ادارے اور افواج پاکستان گلگت بلتستان کی دفاعی سیاحتی اور جغرافیائی اہمیت کو سمجھتے ہوئے ایک پیج پر بیٹھ کر یہاں کے دیرپا امن کے لیے ملکر کام کر رہے ہیں۔
