سکردو(رضاقصیر)اسوہ پبلک سکول اینڈ کالج یولتر میں سالانہ تقسیم انعامات اور اعلانِ نتائج کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر تعلیم گلگت بلتستان غلام شہزاد آغا اور اپوزیشن لیڈر گلگت بلتستان اسمبلی محمد کاظم میثم تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر تعلیم غلام شہزاد آغا نے کہا کہ اسوہ ایجوکیشن سسٹم کا شمار گلگت بلتستان کے معیاری تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے۔ محسن ملت شیخ محسن علی نجفی کے وژن کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اسوہ ایجوکیشن سسٹم کے ذریعے علاقے میں تعلیمی انقلاب برپا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے اسوہ ایجوکیشن سسٹم کی خدمات قابلِ ستائش ہیں اور اس ادارے نے خطے کے تعلیمی میدان میں نئی تاریخ رقم کی ہے۔اپوزیشن لیڈر محمد کاظم میثم نے اپنے خطاب میں کہا کہ کسی بھی قوم کی ترقی تعلیم کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے اسوہ یولتر کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ علاقے میں تعلیمی انقلاب کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے، طلبہ کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنا وقت کی ضرورت ہے اور اسوہ ایجوکیشن سسٹم اس مشن میں پیش پیش ہے۔تقریب کے اختتام پر دونوں مہمانانِ خصوصی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ اس موقع پر اسوہ سکول کے پرنسپل محمد کاظم اور وائس پرنسپل الیاس جاوید نے مہمانانِ خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ ہمیشہ معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں رہے گا۔تقریب میں والدین، اساتذہ، طلبہ اور معززینِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اسوہ ایجوکیشن سسٹم کی خدمات کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر دعائیہ کلمات کے ساتھ طلبہ، والدین اور مہمانوں کے لیے ریفریشمنٹ کا اہتمام بھی کیا گیا۔طلبہ نے نعت اور قومی ترانے کے ذریعے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔ اس موقع پر اسوہ یولتر کے طلبہ نے رنگا رنگ پروگرام پیش کیے، جن میں تقاریر، ملی نغمے اور دیگر ثقافتی جھلکیاں شامل تھیں جو حاضرین سے داد وصول کرنے میں کامیاب رہیں۔
