گلگت(خصوصی رپورٹر)اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ گلگت بلتستان نے محکمہ ریونیو میں موجود کرپٹ عناصر کے خلاف صوبائی سطح پر آپریشن کا آغاز کیا ہے۔ اینٹی کرپشن کے ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے ریوینیو آفس گلگت سے اب تک نو ملزمان کو مبینہ جعلی انتقالات کے کیس میں گرفتار کیا ہے جس میں ریونیو ڈیپارٹمنٹ کے ملازم جابر خان ،نائب تحصیلدار علی رحمان پٹواری، وکیل ملازم ڈی سی افس، یاسر پٹواری اور ذوالفقار ملازم ڈی سی آفس کے خلاف(ایف آئی آر)کے تحت گرفتاری عمل میں لائی ہے غیب علی شاہ تحصیلدار، پٹواری شاہ خان اور پٹواری رحمان شاہ نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت سے ضمانت حاصل کر لی ہے جعلی انتقالات کے کیس میں استور سے بھی اینٹی کرپشن نے اب تک پانچ مرکزی ملزمان کے خلاف ایف ائی ار درج کیا ہے جس میں مرکزی ملزم حاجی فاروق، نائب تحصیلدار ریاض، علی الرحمن پٹواری، نائب تحصیلدار رانا صادق گرفتار ہو چکے ہیں۔ اسی طرح بلتستان ڈویژن کے اندر بھی 1200 جعلی انتقالات کے کیس میں اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے اپنی انکوائریاں آخری سٹیج پر پہنچائی ہیں اور بہت جلد بلتستان ڈویژن سے بھی کالی بھیڑوں کے خلاف ایف ائی ار درج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے پچھلے ایک سال سے اندر تمام محکموں میں موجود کالی بیڑوں کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں کررہا ہے جس پر عوام کی طرف سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
