نیب سے خصوصی افراد کا ہاسٹل خالی کرائیں گے، امجد ایڈووکیٹ

 گلگت(سٹاف رپورٹر)خصوصی افراد کے عالمی دن کے سلسلے میں سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس گلگت میں تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں رکن گلگت بلتستان اسمبلی و پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈوکیٹ نے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں ان پر تھوڑی سی توجہ دے کر کارآمد شہری بنایا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس گلگت میں خصوصی افراد کے لئے سیکنڈری سکول کلاسز چلائی جائیں اس مقصد کے لئے اے ڈی پی سے وسائل فراہم کئے جائیں گے۔ گلگت میں موجود سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس کے ساتھ دیگر اضلاع میں موجود ایجوکیشن کمپلیکس کو لنک کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہاں پر سپیشل افراد کے لئے میٹرک' انٹر اور بیچلر کی تعلیمی سہولیات دستیاب ہو سکیں۔ گلگت بلتستان کی حکومت سے سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس میں خصوصی افراد کے لئے اعلی تعلیم فراہم کرنے اور یہاں پر درپیش مسائل کو حل کرنے کے بات کی جائے گی تاکہ خصوصی افراد بھی اعلی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کر سکیں۔ امجد ایڈووکیٹ نے کہا کہ میں آئندہ اے ڈی پی میں اسپیشل ایجوکیشن کے لئے اسکیم رکھوں گا انھوں نے مزید کہا کہ نیب والوں سے ہاسٹل خالی کروائیں گے اور اس کمپلیکس کو ہیڈ کوارٹر اور تمام ضلعوں میں اس کا شاخ ہوگا انھوں نے کہا کہ تین فیصد معذور کوٹہ پر بھی عملدرآمد ہوناچاہئے ۔تقریب کے دوران ہائیر ایجوکیشن و سپیشل ایجوکیشن کے سیکرٹری فرید احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کی تعلیم کے لئے گلگت میں بہترین قسم کا ایجوکیشن کمپلیکس موجود ہے جبکہ بلتستان' دیامر اور غذر میں بھی سپیشل ایجوکیشن کمپلیکس موجود ہیں جہاں پر خصوصی افراد زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں تقریب میں ڈائریکٹر اسپیشل و ٹیکنکل ایجوکیشن اویس احمد ،پرنسپل حلیمہ سعدیہ ،صدر ایسوی ایشن احسان اللہ اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے خصوصی افراد کی اہمیت کو اجاگر کیا تقریب کے دوران خصوصی بچوں نے ٹیبلوز اور روایتی رقص پیش کر کے خوب داد وصول کی۔