گلگت شہر کیلئے رواں ماہ لوڈ مینجمنٹ پروگرام جاری کردیا گیا

گلگت(نامہ نگار خصوصی)گلگت شہر میں 16 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوگی۔ واٹر اینڈ پاور ڈیپارٹمنٹ نے گلگت شہر کے لئے  ماہ دسمبر لوڈ مینجمنٹ پروگرام جاری کردیا۔ لوڈ مینجمنٹ پروگرام کے مطابق شہر میں دن کے اوقات  4 گھنٹے جبکہ شام  2 گھنٹے اور رات کے اوقات میں 2 گھنٹے بجلی آن رہے گی۔ یعنی کے 24 گھنٹوں میں صرف 8 گھنٹے بجلی دستیاب ہوگی اور 18 گھنٹے اندھیرے کا راج ہوگا۔ لوڈ شیڈنگ میں اضافہ سے جہاں ایک طرف شہری پریشان ہیں  تو دوسری جانب کاروبار متاثر اور مارکیٹ ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے۔ طلبا کو پڑھائی اور  ہوم ورک بھی مکمل کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔کاروباری حضرات اور کارخانے والے جنریٹر چلانے پر مجبور ہیں جنریٹر کے استعمال سے کاروباری اور پروڈکشن اخراجات میں کئی گنا اضافہ کا سامنا ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث  کئی چھوٹے کارخانے بند ہونے سے بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔