گلگت(پ ر) گلگت بلتستان میں گلییشیائی جھیلوں کے پھٹنے کے خطرات اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے مالی حکمت عملی پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ گلگت میں منعقد ہوئی۔ ورکشاپ کا انعقاد بلیو ماربل مائیکرو انشورنس نے یونائیٹڈ نیشنز ڈویلپمنٹ پروگرام (UNDP) کے GLOFـII پروجیکٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ ورکشاپ کا مقصد گلگت بلتستان میں مقامی کمیونٹیز اور مالی اداروں کی صلاحیتوں کو بڑھانا تھا تاکہ وہ گلیشیئر جھیلوں کے سیلاب (GLOFs) اور دیگر موسمیاتی چیلنجز کے بڑھتے ہوئے خطرات کو موثر طریقے سے ڈھال سکیں۔اختتامی تقریب میں گلگت بلتستان کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کیپٹن (ر) مشتاق احمد ،نیشنل پروجیکٹ منیجر یو این ڈی پی گلاف ٹو پراجیکٹ کمال الدین قمر، صوبائی کوارڈینیٹر گلاف ٹو رشیدالدین و دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری کیپٹن (ر) مشتاق احمدنے کہا گلگت بلتستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے سبب قدرتی آفات کے خطرات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے جن سے نمٹنے کے لئے تمام اداروں اور عوام الناس کو اجتماعی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا گلگت بلتستان حکومت یو این ڈی پی کے تعاون سے قدرتی آفات کے خطرات سے دوچار علاقوں میں متعدد منصوبوں پر کام کررہا ہے جس کے انتہائی دیرپا اور دورس نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ اس طرح کے دیگر ادارے بھی موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لئے عوام الناس کے استعدادکار کو بڑھانے کے لئے کام کریں تاکہ خطے کو قدرتی آفات کے خطرات میں کمی لانے میں مدد مل سکے۔ گلاف ٹو پراجیکٹ کے نیشنل منیجر کمال الدین قمر نے کہا کہ گلاف پراجیکٹ کے تحت قدرتی آفات کے خطرے سے دوچار علاقوں میں بسنے والے لوگوں کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو خصوصی تربیت فراہم کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ پراجیکٹ کے تحت مختلف وادیوں میں جدیدارلی وارننگ سسٹم نصب کئے جارہے ہیں جس سے لوگوں کو ممکنہ آفات سے متعلق پیشگی اطلاع ملنے میں مددملے گی۔
