ڈیم پراجیکٹ، ملازمتوں سمیت تمام مسائل مذاکرات سے حل کرنے پر اتفاق

چلاس(پ ر)واپڈا ،دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ ،داسو ڈیم، ضلعی انتظامیہ اپر کوہستان اور ہربن بھاشا  کمیٹی ممبران اور عمائدین کے ساتھ تحصیل میونسپل آفس شتیال میں لینڈ ایکوزیشن سمیت دیگر امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔اجلاس میں ہربن بھاشا کمیٹی ممبران اور عمائدین کے مطالبات اور ایشوز کا جائزہ لیاگیا۔۔ اجلاس میں جنرل منیجر دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ انجینر نزاکت حسین نے کمیٹی ممبران اور عمائدین کو لینڈ ایکوزیشن سے متعلق اب تک کے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ جنرل منیجر دیامر بھاشا ڈیم نے آگاہ کیا کہ قانون کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے اس عمل کو نہایت شفاف طریقے سے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ اجلاس میں عمائدین ہربن بھاشا کو بتایا گیا کہ پراجیکٹ میں روز گار کے لیے مقامی لوگوں کو پہلے بھی ترجیحی دی گئی ہے اور آیندہ بھی ترجیحی بنیادوں پر مقامی افراد کو میرٹ پر روز گار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔۔ اس موقع پر کوہستان سے ممبر قومی اسمبلی ملک محمد ادریس اور ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان نے بھی عمائدین کے مطالبات کو حل کرنے کیلئے اقدامات سے آگاہ کیا۔اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیاگیا کہ مسائل کو بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیے جائیں گے۔ اجلاس میں ایڈوئزار داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ انجینئر انوار الحق، چیف انجینئر(کنٹریکشن مینجمنٹ)انجینئر عامر حسن، ڈائریکٹر کوآرڈینیشن ڈی بی ڈی پی رحیم شاہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹرائبل ایریا آفئیرز ،ایکسئین ری سٹیلمنٹ، اسسٹنٹ کمشنر اپر کوہستان، ایس ڈی پی او اپر کوہستان سمیت ہربن بھاشا کمیٹی ممبران اور دیگر عمائدین نے شرکت کی۔